جاپان میں پھنسے جہاز پر کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 219 ہو گئی، چین میں ہلاکتوں کی تعداد 1363 تک پہنچ گئی

جاپان کی بندرگاہ پر کھڑے ڈائمنڈ پرنسز نامی بحری جہاز

جاپان کی بندرگاہ پر کھڑے ڈائمنڈ پرنسز نامی بحری جہاز

ٹوکیو، بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپان کی بندرگاہ پر کھڑے ڈائمنڈ پرنسز نامی بحری جہاز (Diamond Princess cruise ship) میں اب تک عملے سمیت 219 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ہفتے قبل جاپان کی بندرگاہ پر کھڑے ڈائمنڈ پرنسز نامی بحری جہاز (Diamond Princess cruise ship) میں موجود ہانگ کانگ کے 80 سالہ شہری میں سب سے پہلے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی  جو تیزی سے جہاز میں موجود دیگر افراد میں پھیلتی گئی جس کے سبب بحری جہاز کو عملے اور تمام مسافروں سمیت 14 روز کے لیے قرنطینہ (Quarantine) میں رکھا گیا۔ رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر جہاز میں صرف 60 لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وہاں موجود تمام افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور اب ہر بڑھتے دن کے ساتھ دیگر لوگوں میں بھی وائرس پھیلتا جارہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جہاز میں عملے سمیت 531 افراد موجود ہیں اور اب تک 219 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے  جس میں جہاز کے عملے کے افراد بھی شامل ہیں جبکہ حیران کن طور پر ایک قرنطینہ (Quarantine) آفیسر میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے مرنے والوں تعداد 1363 تک پہنچ چکی ہے

چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے مرنے والوں تعداد 1363 تک پہنچ چکی ہے

دوسری جانب چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 97 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں تعداد 1363 تک پہنچ چکی ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ چین کا شہر ووہان متاثر ہے جہاں سے وبا پھیلنے کا آغاز ہوا۔  چین کے علاوہ  ہانگ کانگ اور فلپائن میں بھی ایک ایک مریض ہلاک ہوا۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 60 ہزار 373  تک پہنچ گئی۔ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں سے 6032 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں تاہم وائرس سے متاثرہ 8219 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صرف چین میں 2000 سے زائد افراد مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے۔ دوسرے نمبر پر جاپان کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 203 ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو بیماری قرار دیتے ہوئے اس کا نام (Covid 19) رکھ دیا ہے۔ دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس کی ویکسن تیار کرنے میں مصروف ہیں۔

دنیا بھر کے 28 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں چین، جاپان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، ملائشیا، جرمنی، تائیوان، ماکائو، ویتنام، فرانس، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، بھارت، برطانیہ، روس، اٹلی، نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، فن لینڈ، سویڈن، بیلجیئم اور اسپین شامل ہیں۔

چین کے کم سے کم 10 صوبوں میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور فیکٹریاں بند ہیں۔ فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے اپنی پروازیں بند کر رکھی ہیں۔ دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے مسئلے سے نمٹنا ہو گا اور اس پر مستقل طور پر پابندی عائد کرنا ہو گی۔ خدشہ ہے کہ صوبہ ہوبے کے شہر ووہان میں جانوروں کی مارکیٹ سے اس وائرس کی ابتدا ہوئی تھی۔

No comments.

Leave a Reply