کورونا وائرس افریقا میں پھیلا تو ایک کروڑ ہلاکتیں ہو سکتی ہیں، بل گیٹس ، ہلاکتوں کی تعداد 1863 ہوگئیں

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس

واشنگٹن، بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس اگر افریقا میں پھیلا تو ایک کروڑ ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔ برطانوی اخبار کے مطابق واشنگٹن میں امریکن ایسوسی ایشن آف سائنس(AAAS) سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ براعظم افریقا میں صحت عامہ کا نظام کورونا کا مقابلہ کرنے کا متحمل نہیں، اگر وائرس وبا کی صورت میں پھیل گیا تو چین سے کہیں گنا زیادہ نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سب صحارن افریقا کے لیے کورونا وائرس ایبولا سے زیادہ تباہ کن ثابت ہو گا اگرچہ اس سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح تو زیادہ نہیں تاہم ایبولا کے مقابلے میں اس کے پھیلنے کی رفتار بہت تیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افریقا میں علاج معالجے اور صحت عامہ کے شعبوں میں  پس ماندگی کے باعث اس کا مقابلہ کرنا انتہائی دشوار ہو گا۔ مصر میں کورونا کا ایک کیس سامنے آ چکا ہے جس کے بعد وائرس براعظم افریقا  پہنچنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ برسوں میں چین اور افریقا کے مابین سفر میں کئی گنا اضافہ سامنے آیا ہے اور پچھلی ایک دہائی میں دونوں خطوں کے مابین پروازوں میں 600 گنا اضافہ ہوا ہے۔ 2017 ء تک افریقا کے مختلف ممالک میں تعمیراتی اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ چکی تھی۔ الجیریا، انگولا، نائجیریا، ایتھوپیا اور زمبیا میں سب سے زیادہ چینی باشندے موجود ہیں۔ انہی حقائق کے پیش نظر افریقا میں کورونا کے تیزی سے پھیلنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1863 ہو گئی ہے

کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1863 ہو گئی ہے

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے مزید 93 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اب اس کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1863 ہو گئی ہے۔ چینی سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ مزید 1807 نئے مریض بھی وائرس کی زد میں آ گئے ہیں۔ چینی ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 72300 سے زائد ہو گئی ہے، جن میں پیرا میڈیکل اسٹاف بھی شامل ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں ڈاکٹرز اور نرسوں کو بھی مریضوں کے علاج میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کورونا وائرس سے چین کے علاوہ تائیوان، فلپائن، ہانگ کانگ، جاپان اور فرانس میں 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دیگر کئی ملکوں میں متعدد افراد بیمار ہیں۔

No comments.

Leave a Reply