عراق میں نئی حکومت کی تشکیل، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے درمیان اختلافات

پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی

پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی

بغداد ۔۔۔ نیوز ٹائم

ایسا نظر آ رہا ہے کہ عراق میں نامزد وزیر اعظم محمد علاوی کی جانب سے تشکیل دی گئی حکومت کا انجام ابھی تک غیر واضح ہے۔ بلکہ پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے درمیان تنازع کے سائے میں اس حوالے سے ابہام بڑھتا جا رہا ہے۔ عراقی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر حسن العکبی (Hassan Al-Kaabi) کی جانب سے باور کرایا گیا کہ علاوی (Mohammed Tawfiq Allawi) کی حکومت پر اعتماد سے متعلق رائے شماری کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس آئندہ پیر کے روز ہو گا۔ تاہم پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی (Mohammed al-Halbousi) نے اجلاس کے لیے کسی بھی تاریخ اور وقت کے تعین کی تردید کر دی۔ الحلبوسی (Mohammed al-Halbousi) نے واضح کیا کہ وزارتی پلان اور وزرا کے ناموں کی وصولی سے قبل ووٹنگ کے لیے خصوصی اجلاس کی تاریخ مقرر نہیں کی جا سکی، ابھی تک یہ دونوں چیزیں ہمیں موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ان دونوں چیزوں کے ملتے ہی اجلاس کے انعقاد کے اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے۔

الحلبوسی (Mohammed al-Halbousi) کے مطابق کسی بھی حکومت کی تشکیل کا مقصد بحران سے نکلنا ہے۔ ہم کسی ایسی حکومت کی خواہش نہیں رکھتے جو سماجی امن کے لیے خطرہ بن جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نامزد وزیر اعظم کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کی تاریخ متعین کرنے کے سلسلے میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آ رہی ہے۔ آئندہ حکومت کے اہداف میں امن کو یقینی بنانا، ریاست کی رِٹ واپس لانا اور قبل از وقت انتخابات کرانا اہم ترین ہے۔ عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مظاہرین کے مطالبات پورے کیے جانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران عراق میں کافی خونریزی دیکھی گئی ہے، اب سیاسی قوتوں کی جانب سے مظاہرین کے مطالبات پورے کیے جانے کے حوالے سے واضح موقف سامنے آنا چاہیے۔ یاد رہے کہ محمد الحلبوسی (Mohammed al-Halbousi) کی سربراہی میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں محمد توفیق علاوی (Mohammed Tawfiq Allawi) کی حکومت کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے۔ اس لیے کہ اسے ملک میں عوامی تحریک کی حمایت حاصل نہیں ہے۔

No comments.

Leave a Reply