امریکی صدر کی توقعات سے بھارت پریشان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے

نئی دہلی ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹرمپ کو بھارتی دورے پر کسی بھی غیر ملکی رہنما کو دیا جانے والا سب سے بڑا عوامی استقبالیہ دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت میں امریکی صدر کی آمد کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی توقعات سے بھارت بھی پریشان ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں ایک کروڑ لوگوں کی روڈ شو میں آنے کی بات کی ہے لیکن بھارت پریشان ہے کہ ایک کروڑ افراد کیسے لائے جائیں۔ جبکہ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت سے قبل مودی حکومت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، امریکی صدر نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ بھارت کے ساتھ کوئی بڑا تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امریکی انتخاب سے قبل کوئی بڑا تجارتی معاہدہ کرنا ممکن نہیں ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس بار بھارت کے ساتھ ٹریڈ ڈیل کر سکتے ہیں، لیکن کوئی بڑا تجارتی معاہدہ بعد میں ہی ہو سکے گا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری سے دو روزہ بھارتی دورہ کریں گے، اس دورے سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہیں تھیں کہ ٹرمپ اس دورہ کے دوران بھارت کے ساتھ کچھ بڑے تجارتی معاہدے کریں گے۔ یہ بتایا جا رہا ہے کہ وائٹ ہائوس کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر پر بات کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ مودی کو متنازع شہریت قانون پر امریکی تشویش سے بھی آگاہ کریں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت میں نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی میں کمی اور دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

No comments.

Leave a Reply