شہری گھروں تک محدود رہیں، جاپانی گورنر، کرونا وائرس سے ہلاکتیں 2835 ہو گئی

جاپان نے کرونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لئے شہریوں سے پبلک مقامات پر نہ جانے کی اپیل کی ہے

جاپان نے کرونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لئے شہریوں سے پبلک مقامات پر نہ جانے کی اپیل کی ہے

ٹوکیو، بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپان کے شمالی پریفیکچر ہوکائیدو کے گورنر نا مِچی سوزوکی (Naomichi Suzuki) نے علاقہ میں نئے کورونا وائرس کے پھیلائو کو ہنگامی صورتحال قرار دیتے ہوئے شہریوںپر زور دیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ آئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے مقامی رہائشیوں سے اپیل کی وہ 19 مارچ تک اور خصوصاً رواں ہفتہ کے اختتام تک گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ گورنر نا مِچی  سوزوکی (Naomichi Suzuki)  نے کہا کہ حکام وبا کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت کوشش کر رہے ہیں لیکن صوتحال مزید گمبھیر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور عزیز و اقارب کی زندگی کی حفاظت کے لیے گھروں تک محدود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ایسے افراد جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، وہ ریستورانوں یا اسپورٹس جِم جیسے مقامات پر وائرس کا شکار بنے ہوں۔ نا مِچی  سوزوکی (Naomichi Suzuki) نے مزید کہا کہ وبا ایک اہم مرحلے میں ہے۔ انہوں نے وائرس پر جلد از جلد قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب جاپان نے کرونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لئے شہریوں سے پبلک مقامات پر نہ جانے کی اپیل کی ہے، ٹوکیو میں تھیم پارکس سمیت ڈزنی لینڈ اور ٹوکیو ڈزنی ریزورٹ سی دو ہفتوں کیلئے بند کردیے گئے ہیں یہ اقدام انفیکشن کا پھیلائو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق تھیم پارکس کی منتظم کمپنی نے حکومت جاپان کی اس اپیل کا حوالہ دیا جس میں کمرشل اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ کچھ ہفتوں کے لیے ایسے اجتماعات منسوخ یا موخر کر دیں جن میں افراد کا ہجوم متوقع ہو۔ حکومت نے پہلے ہی سکولوں میں ایک ماہ کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے جبکہ یونیورسل سٹوڈیو جاپان اور اونٹیو چڑیا گھر بھی بند کر دیا گیا ہے۔

ادھر جاپان کے تفریحی بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسیس میں سفر کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلا برطانوی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ اس ہلاکت سے ان افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جو ”ڈائمنڈ پرنسیس” میں سفر کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہو کر ہلاک ہوئے۔ اس ہلاکت کا اعلان جاپان کی حکومت نے کیا ہے۔ جاپان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ کروز شپ میں کرونا سے متاثر ہو کر ہلاک ہونے والا پہلا غیر ملکی مسافر ہے۔ تاہم اس کا نام اور عمر نہیں بتائی گئی۔ اس سے قبل 13 فروری کو جاپان نے اپنے ملک میں کرونا سے پہلی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ یہ ایک 80 سالہ خاتون تھیں جو فروری کے شروع سے اس مرض میں مبتلا تھیں۔ یہ چین سے باہر کرونا وائرس کی تیسری تصدیق شدہ ہلاکت تھی۔ اس سے پہلے فلپائن اور ہانگ کانگ میں یہ وائرس انسانی جانیں لے چکا ہے۔ جاپان کی وزارت صحت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ٹوکیو کے نزدیک یوکوہاما کی بندرگاہ پر لنگرانداز کروز شپ میں سفر کرنے والے مزید 44 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس تفریحی بحری جہاز پر عملے سمیت 3700 افراد سوار ہیں، جن میں سے 218 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو ئی تھی۔

کرونا وائرس سے دنیا بھرمیں مرنے والوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر گئی

کرونا وائرس سے دنیا بھرمیں مرنے والوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر گئی

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بننے کو ہے، ایران اور اٹلی میں وائرس کے پھیلائو میں تیزی آ رہی ہے، کرونا وائرس سے دنیا بھرمیں مرنے والوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر گئی۔ چین میں 44، جنوبی کوریا میں 256 نئے کیسز سامنے آ گئے، نائجیریا میں ایک کیس ریکارڈ پر آ گیا۔ کرونا عالمی وبا بننے کو ہے، خطرناک وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے،  عالمی ادار صحت کے سربراہ ٹیڈروس (Tedros)  کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا فیصلہ کن نقطے پر پہنچ چکی ہے۔ یہ عالمی وبا بن سکتی ہے۔ چین سے زیادہ تعداد میں دیگر ممالک میں اس وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جنوبی کوریا میں 256 نئے کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد جنوبی کوریا میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 22 ہو گئی ہے۔ نائیجیریا میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ چین کے بعد اٹلی اور ایران میں یہ انفیکشن سب سے زیادہ پھیلا ہے، ایران کے کئی اعلی حکام بھی اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ خواتین اور خاندانی امور کی نائب صدر معصومہ ابتیکر (Masoumeh Ebtekar) بھی اس سے متاثر ہو چکی ہیں۔

No comments.

Leave a Reply