جاپانی مافیا پر مبنی پاکستانی فلم جاپانی کنکشن

اداکار ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال کی بڑے بجٹ کی فلم ''جاپانیز کنکشن''

اداکار ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال کی بڑے بجٹ کی فلم ”جاپانیز کنکشن”

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپان کے مختلف شہروں میں جاری معروف اداکار ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال کی بڑے بجٹ کی فلم ”جاپانیز کنکشن” کی شوٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔ ایک چینل سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے تنویر جمال نے کہا کہ ان کی فلم ڈرگ مافیا کے خلاف ایک خوبصورت اور دلچسپ کہانی پر مبنی فلم ہے جس میں معروف اداکاروں نے بہترین کام کیا ہے۔ تنویر جمال نے بتایا کہ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں تیمور خان، مائرہ خان، اور دیگر اہم اداکار شامل ہیں  جبکہ اس فلم میں جاپان کی معروف کاروباری شخصیت اور پاک، جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بھی دلچسپ کردار نبھایا ہے جو شائقین کو بے حد پسند آئے گا۔

تنویر جمال نے بتایا کہ فلم کی کہانی دو بچپن کے دوستوں پر مشتمل ہے جس میں ایک دوست بڑا پولیس آفیسر بن جاتا ہے اور دوسرا دوست حالات کی بدولت ڈرگ ڈیلر بن جاتا ہے اور ایک وقت دونوں ایک دوسرے کے مقابل آ جاتے ہیں۔ تنویر جمال کے مطابق یہ فلم ملک میں جاری ڈرگ مافیا کے خلاف بہترین ہتھیار ثابت ہو گی،  فلم کے بجٹ کے حوالے سے تنویر جمال نے بتایا کہ فلم کا بجٹ 8 کروڑ تک پہنچ گیا ہے کیونکہ اس فلم کا بڑا حصہ جاپان جیسے مہنگے ملک میں شوٹ کیا گیا ہے  جبکہ فلم میں جیگوار (Jaguar)  اور مرسڈیز (Mercedes) جیسی گاڑیوں کو تباہ کیا گیا ہے جبکہ تین ہفتے تک 20 سے زائد افراد نے جاپان میں شوٹنگ میں حصہ لیا ہے  لہذا امید کرتے ہیں کہ فلم کمرشل سینما پر بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں تنویر جمال نے بتایا کہ کئی ادارے ہماری اس فلم کو اپنے بینر تلے ریلیز کرنے کے لیے آگے آئے ہیں تاہم امید ہے کہ یہ فلم جیو کے بینر تلے پورے پاکستان میں ریلیز کی جائے گی جبکہ اسے جاپان میں بھی جاپانی زبان میں ڈب کر کے ریلیز کیا جائے گا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے فلم کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ہیرو تیفور خان (Taifoor Khan) نے کہا کہ فلم کی کہانی انتہائی دلچسپ تھی  اور کوشش کی ہے کہ اپنے رول کے ساتھ بھرپور انصاف کر سکوں امید ہے کہ پاکستان میں یہ فلم بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی معروف اداکارہ مائرہ خان (Maira Khan)  نے کہا کہ یہ ان کی 5ویں فلم ہے جبکہ فلم کی کہانی نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ وہ فلم میں کام کرنے سے انکار ہی نہ کر سکیں پھر اتنے بڑے بجٹ کی فلم اور تنویر جمال جیسے بڑے اداکار اور ڈائریکٹر کے ساتھ کام کر کے بہت انجوائے کیا ہے،  توقع ہے کہ یہ فلم پاکستان میں ٹرینڈ سیٹ کرے گی اور کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔

مائرہ خان (Maira Khan) نے کہا کہ جاپان میں گزارے گئے دن انہیں زندگی بھر یاد رہیں گے یہ ان کا تیسرا دورہ جاپان ہے امید ہے مستقبل میں بھی وہ جاپان سے رابطہ برقرار رکھیں گی۔ مائرہ خان (Maira Khan) نے فلم میں ولن کا  کردار ادا کرنے والے جاپان کی معروف شخصیت رانا عابد حسین کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رانا عابد حسین بہترین ادا کار ہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا بہت مزہ آیا، ان کے اندر بہت ٹیلنٹ موجود ہے امید ہے وہ مستقبل میں اداکاری کا سفر جاری رکھیں گے۔

No comments.

Leave a Reply