ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم، ڈالر 166 روپے پر آ گیا

ڈالر کی قیمت 166 روپے ہو گئی

ڈالر کی قیمت 166 روپے ہو گئی

کراچی ۔۔۔ نیوز ٹائم

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھا گیا اور ڈالر کی قیمت 166 روپے ہو گئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای سی اے پی) کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق جمعے کی صبح مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 167 روپے تھی جو انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر 166 روپے پر آ گئی۔واضح کے اسٹیٹ بینک کی مداخلت سے قبل جمعے کے روز ڈالر کی قیمت 169.5 روپے تک پہنچ چکی تھی، جو ایک ریکارڈ ہے،  جس کے بعد مرکزی بینک نے مقامی کرنسی کو مدد فراہم کرنے کے لیے مداخلت کی جس کے بعد یہ کاروبار کے پہلے حصے کے اختتام پر 165 روپے پر آ گیا۔

ٹیرس مارکس (Terrence Marks) کی تجزیہ کار ایمان خان (Iman Khan) کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے مبینہ طور پر اس وقت مداخلت کی جب ڈالر 170 روپے کی نفسیاتی حد کے قریب پہنچ گیا،  ڈالر سب سے زیادہ 169.5 پر فروخت ہوا اور مرکزی بینک کی مداخلت کے بعد یہ 164.75 کی سطح پر آ گیا اور پہلے سیشن کے اختتام پر یہ 165.50 کی سطح پر تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاٹ منی کی وجہ سے آج دبائو کم تھا، جس کے بعد ہم نے بہائو میں کمی آتے ہوئے دیکھی جس کے بعد ڈالر 162 سے 165 روپے کے درمیان فروخت ہوا۔ ہاٹ منی کا بہائو جو رواں ماہ میں 1.5 ارب ڈالر کی حد عبور کر گیا تھا 26 مارچ کو 21800000 ڈالر تک پہنچ گیا جو اس سے قبل 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھا۔ کچھ اسی طرح کا تجزیہ ای سی اے پی کے سابق جنرل سیکریٹری ظفر پراچا کی جانب سے بھی دیا گیا، جن کا کہنا تھا  کہ مرکزی بین نے اس وقت مداخلت کی جب ڈالر کی قیمت 170 روپے کے قریب پہنچ چکی تھی اور اس مداخلت نے اسے 164 روپے پر پہنچا دیا۔

واضح رہے کہ مرکزی بینک کی جانب سے مداخلت کے لیے استعمال کی جانے والی سرمایہ کاری اب تک معلوم نہیں ہو سکی،  اس حوالے سے ظفر پراچا کا کہنا تھا کہ مداخلت کے لیے مرکزی بینک کی جانب سے 15 کروڑ ڈالر یا اس سے کم سرمائے کا استعمال کیا گیا ہو گا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ابھی واضح طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا یہ سب مفروضے ہیں۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر 165.5 روپے پر فروخت ہوا جو گزشتہ روز کے 166.1 روپے کے مقابلے میں 60 پیسے کم ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں جاری مجموعی صورتحال کا اثر معاشی طور پر بھی نظر آ رہا ہے اور گزشتہ روز مسلسل دوسرے روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ جمعرات کی دوپہر 1.30 بجے کے قریب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 4.50 روپے اضافہ دیکھا گیا اور یہ 167 روپے تک پہنچ گیا تھا۔ اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فراہم کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ ایک روز قبل روپے کے مقابلے میں ڈالر 159 سے بڑھ کر 161.60  روپے تک پہنچ گیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply