اسرائیل میں طویل تعطل کے بعد مخلوط حکومت کے قیام کی راہ ہموار

اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ بینی گینٹس

اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ بینی گینٹس

مقبوضہ بیت المقدس  ۔۔۔ نیوز ٹائم

اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ بینی گینٹس (Benny Gantz) پارلیمان کے اسپیکر منتخب ہو گئے، جس کے ساتھ ہی صہیونی ریاست میں طویل تعطل کے بعد نئی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق بلیو وائٹ پارٹی کے سربراہ بینی گینٹس (Benny Gantz) کو اسرائیلی پارلیمان کا اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پارلیمان کے اسپیکر کے عہدے کے لیے اسرائیلی پارلیمان کے دائیں بازو کے ارکان نے بھی بینی گینٹس (Benny Gantz) کی حمایت کی۔ اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق اسپیکر یولی اڈلچائن (Yuli Edelstein) نے بھی بینی گینٹس (Benny Gantz)کو ووٹ دیا۔ رائے شماری کے دوران 74 ارکان پارلیمان نے بینی گینٹس (Benny Gantz) کو ووٹ دیا، جبکہ 18 ارکان نے مخالفت کی۔ دیگر نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ بینی گینٹس (Benny Gantz) نے اسپیکر منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اسرائیل میں ہنگامی بنیادوں پر حکومت سازی کی کوشش کریں گے،  کیونکہ کورونا وائرس کے باعث اسرائیل کو جن حالات کا سامنا ہے، وہ غیر معمولی ہیں اور غیر معمولی فیصلوں کا تقاضہ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ بینی گینٹس (Benny Gantz) کے اسپیکر منتخب ہونے میں انہیں اپنی جماعت کی جزوی اور وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کی مکمل حمایت حاصل رہی،  جس نے ان کے اپنی جماعت بلیو اینڈ وائٹ پارٹی میں پھوٹ پڑنے کا اشارہ دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بینی گینٹس (Benny Gantz) نے نیتن یاہو کے ساتھ حکومت بنانے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے برسراقتدار جماعت کی شرائط بھی قبول کر لی ہیں،  جس کے باعث ان کے اپنے اتحادی ان کا ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسپیکر کے انتخابات میں گینٹس (Benny Gantz)کے اپنے اتحادیوں یائیر لابید (Yair Lapid) اور موشے یعلون (Moshe Ya’alon) نے بھی ان کا ساتھ نہیں دیا۔

No comments.

Leave a Reply