امریکی فوج نے عراق میں کرکوک ایئربیس بھی خالی کر دی

امریکی فوج نے عراق میں کرکوک ایئربیس بھی خالی کر دی

امریکی فوج نے عراق میں کرکوک ایئربیس بھی خالی کر دی

بغداد  ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی فوج اور اس کے اتحادیوں نے عراق میں اپنی ایک اور چھائونی خالی کر دی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی فوج نے کرکوک (Kirkuk)  ایئربیس بھی عراقی فوج کے حوالے کر دی ہے۔ چند روز قبل امریکی فوج نے قیارہ (Qayyarah)  ایئربیس بھی عراقی فوج کے حوالے کر دی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ کرکوک (Kirkuk) چھاونی کے اندر عراقی اور امریکی فوجی حکام کی موجودگی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران اس چھائونی کو عراقی فوج کے حوالے کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اس سے قبل جرمن فوجی حکام نے کہا ہے کہ عراق میں موجود جرمن فوجیوں کو زیادہ تر تعداد کو بہت جلد عراق سے واپس بلا لیا جائے گا، جو جرمنی میں کورونا کی وبا سے مقابلے میں حصہ لیں گے۔ جرمن فوجی حکام نے اتوار کے روز کہا کہ عراق میں بہت ضروری تعداد کو چھوڑ کر باقی فوجیوں کو جرمنی واپس بلایا جا رہا ہے اور کچھ فوجی تو اتوار کو جرمنی پہنچ بھی چکے ہیں۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ وہ عراق میں ایرانی ملیشیائوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور اس نے عراق میں اپنے فوجی کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خاص طور پر حزب اللہ بریگیڈ کو تباہ کرنے کی ممکنہ کارروائیوں کے لیے تیاری کریں۔ خیال رہے کہ واشنگٹن نے 11 مارچ کو تاجی ایئربیس پر میزائل کے حملے کا ذمے دار اسی ملیشیا کو ٹھہرایا تھا، جس میں ایک برطانوی فوجی اور 2 امریکی ہلاک ہو گئے تھے۔ پینٹاگون آئندہ 2 ہفتوں کے اندر پیٹریاٹ میزائل کی بیٹریوں سمیت نئے دفاعی ساز وسامان کی تنصیب کے لیے تیاریاں کر رہا ہے۔

No comments.

Leave a Reply