ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان، 2021 میں انعقاد ہو گا

ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا اور اب گیمز کا انعقاد آئندہ سال 23 جولائی سے ہو گا

ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا اور اب گیمز کا انعقاد آئندہ سال 23 جولائی سے ہو گا

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

رواں سال ملتوی کیے کیے گئے ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا اور اب گیمز کا انعقاد آئندہ سال 23 جولائی سے ہو گا۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے پیر کو ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ تاہم 2021 ء میں انعقاد ہونے کے باوجود اولمپکس کو ‘ٹوکیو 2020′ کا نام ہی دیا جائے گا۔ 25اگست 2020 سے شروع ہونے والے پیرالمپکس کو بھی ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے اور اب گیمز کا انعقاد آئندہ سال 24 اگست سے 5 ستمبر 2021 ء تک کھیلے جائیں گے۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس باخ (Thomas Bach)نے کہا کہ ٹوکیو 2020 کی انتظامی کمیٹی، ٹوکیو میٹروپولیٹن گورنمنٹ، جاپانی حکومت اور دیگر تمام متعلقہ افراد کے ساتھ کام کرنے کے لیے پراعتماد ہوں۔ ‘انسانیت اس وقت تاریک سرنگ سے گزر رہی ہے، اس سرنگ کے اختتام پر ٹوکیو اولمپکس روشنی بن سکتے ہیں۔ انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی کے صدر اینڈریو پارسن (Andrew Parsons)نے کہا کہ جب آئندہ سال پیرالمپکس کا انعقاد ہو گا تو یہ انسانیت کے اتحاد اور انسانی جرات کا مظہر ہو گا۔ اب جبکہ پیرالمپکس کے انعقاد میں 512 دن باقی ہیں تو پیرالمپکس تحریک سے جڑے تمام افراد کی ترجیح ہونی چاہیے کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ محفوظ رہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور وائرس سے متاثرہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اکثر ملکوں کی جانب سے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے۔ بالآخر مسلسل مطالبات کے پیش نظر گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ اولمپکس کے مقابلوں کے لیے تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے عالمی سطح پر متاثر ہونے والے دیگر ایونٹس کو بھی مدنظر رکھا گیا  اور یہی وجہ ہے کہ آئندہ سال امریکا میں شیڈول ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کو بھی ایک سال کے لیے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ورلڈ ایتھلیٹس چیمپیئن شپ کا انعقاد آئندہ سال اوریگو میں 6 اگست سے 15 اگست 2021 ء تک ہونا تھا لیکن اب اس کا انعقاد 2022 میں ہو گا۔ یاد رہے کہ جدید اولمپکس کو جنگوں کے سوا کسی بھی دور میں ملتوی نہیں کیا گیا۔آخری مرتبہ اولمپکس کو 1940ء میں جنگ عظیم دوئم کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا اور اتفاق یہ کہ اس سال بھی اولمپکس کا انعقاد ٹوکیو میں ہی ہونا تھا۔

No comments.

Leave a Reply