وزیر اعظم نے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹا دیا

معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد  ۔۔۔ نیوز ٹائم

وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹا دیا، ان کی جگہ سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات مقرر کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں پھر سے اکھاڑ پچھاڑ کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ جبکہ ان کی جگہ سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی اطلاعات مقرر کر دیا گیا ہے۔ دونوں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔  معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹانے پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک سچے اور باوقار شخص شبلی فراز کو وزیر اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح باصلاحیت آدمی عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔  دونوں افراد مل کر اپنی اچھی ٹیم بنائیں گے۔

واضح رہے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان حکومتی بیانیے کو اس طرح سے بیان نہیں کرتی تھیں جس سے اپوزیشن جماعتیں بھی خوش نہیں تھیں۔ بلکہ جہاں حکومت اپوزیشن کے ساتھ کچھ معاملات کو سیدھا کرتی تھیں، وہاں کچھ دیر بعد فردوس عاشق اعوان ان معاملات کو پھر سے الجھا دیتی تھیں۔ جس کا نتیجہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تنائو کی صورت نکلتا۔ اسی طرح فردوس عاشق اعوان میڈیا کے ساتھ بھی اپنے تعلقات کو بحال کرنے میں ناکام رہیں۔ تحریک انصاف کے اندر بھی لوگ فردوس عاشق کیلئے کوئی اچھا بیانیہ نہیں رکھتے تھے۔ پی ٹی آئی ارکان ان کو دوسری جماعت کی کھلاڑی اور کارکردگی کے لحاظ سے نااہل سمجھتے تھے۔ جنوری اور فروری میں ہی فردوس عاشق اعوان کے جانے کی اطلاعات تھیں کوروناوائرس کے باعث ان کو رخصتی میں تھوڑا وقت مل گیا تھا۔ لیکن کورونا کی صورتحال میں بھی فردوس عاشق اعوان خود کو منوانے میں ناکام نظر آئیں۔

No comments.

Leave a Reply