وزیر اعظم عمران خان دنیا بھر میں فیس بک پر فالو کیے جانے والے چوتھے سیاستدان

وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان

نیوز ٹائم

سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر وزیر اعظم عمران خان کے آفیشل پیج کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جس کے ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان پہلے اور واحد پاکستانی سیاستدان بن گئے ہیں جنہیں فیس بک پر ایک کروڑ افراد نے فالو کیا ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان دنیا بھر میں فیس بک پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے چوتھے سیاستدان بھی بن گئے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر باراک اوباما فیس بک پر دنیا میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیاستدان ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 5 کروڑ 60 لاکھ ہے۔ باراک اوباما کے بعد فیس بک پر دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیاستدان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ہیں جن کے ساڑھے 4 کروڑ فالوورز ہیں۔ ان کے بعد تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ فالوورز امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 3 کروڑ ہیں۔ اب وزیر اعظم عمران خان دنیا بھر میں فیس بک پر فالو کیے جانے والی چوتھے سیاستدان بن گئے ہیں جن کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے۔ علاوہ ازیں پاکستانی سیاستدانوں میں وزیر اعظم عمران خان ٹوئٹر پر بھی سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیاستدان ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں جاری کی گئی ایک تحقیق میں عمران خان کو ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی دنیا کی 9ویں سیاسی شخصیت قرار دیا گیا تھا اور ان کے آفیشل اکائونٹ کے فالوورز کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تھا۔ برسن کوہن اور وولف (Burson Cohn & Wolfe) (بی سی ڈبلیو) نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران عالمی رہنمائوں کی ٹوئٹس کی بنیاد پر ایک فہرست جاری کی تھی۔ بعد ازاں 25 ستمبر کو وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آن لائن خطاب کیا تھا اور ان کے خطاب کی ویڈیو اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بن گئی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی ویڈیو یکم اکتوبر کی سہ پہر تک ایک لاکھ 70 ہزار 250 سے زائد بار دیکھی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر دوسرے نمبر پر زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کی تھی، جسے یکم اکتوبر کی سہ پہر تک ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔ علاوہ ازیں گزشتہ برس ٹائم میگزین نے متاثر کن افراد کی فہرست میں وزیر اعظم عمران خان کا نام بھی شامل کیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply