عافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر دستخط کر دیے

امریکی عدالت سے سزا یافتہ پاکستانی نیورو سائنٹسٹ عافیہ صدیقی

امریکی عدالت سے سزا یافتہ پاکستانی نیورو سائنٹسٹ عافیہ صدیقی

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

سینیٹ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ امریکی عدالت سے سزا یافتہ پاکستانی نیورو سائنٹسٹ عافیہ صدیقی نے بالاخر رحم کی اپیل پر دستخط کر دیے ہیں۔ واضح رہے انہیں افغانستان میں حراست کے دوران امریکی فوج اور ایف بی آئی کے افسران پر فائرنگ کرنے کے الزام میں سزا دی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کو پہلے رحم کی درخواست دائر کرنے کے حوالے سے تحفظات تھے لیکن اب انہوں نے اس پر دستخط کر دیے ہیں۔ مزید یہ کہ رحم کی درخواست جیل انتظامیہ کے ذریعے امریکی صدر کو بھیج دی گئی ہے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے پاس اختیار ہوتا تو ہم 24 گھنٹوں کے اندر عافیہ صدیقی کو واپس پاکستان لے آتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ای میل کرنے کی اجازت حاصل ہے جس کے ذریعے وہ پاکستانی قونصل اور اپنے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے متعدد مرتبہ امریکا میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے عہدیداروں سے ٹیلی فون کے ذریعے بات بھی کی۔

وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور ایمل کانسی کو امریکا کے حوالے کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ سینیٹر مشتاق احمد نے سوال پوچھا تھا کہ کیا عالمی وبا کووڈ 19 کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات پر پابندی عائد ہے؟ کیونکہ اس جیل میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی تھی، جس پر وزیر خارجہ کی جانب سے بابر اعوان نے جواب دیا۔ تحریری جواب میں یہ کہا گیا کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں خواتین قیدیوں کے ذہنی اور جسمانی علاج معالجے کے لیے قائم فیڈرل میڈیکل سینٹر کارس میں وبا کے دوران جیل انتظامیہ کی جانب سے قونصلر کے دورے کو معطل کر دیا گیا تھا۔ تحریری جواب کے مطابق اس کے نتیجے میں قونصل جنرل کے ساتھ جیل میں ہونے والی ملاقات کچھ عرصے کے لیے معطل کر دی گئی تھی تاہم قونصل جنرل مسلسل جیل انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہے تاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور خیریت کے بارے میں آگاہ رہ سکیں۔ جواب میں بتایا گیا کہ واشنگٹن ڈی سی میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں کی وجہ سے 24 ستمبر کو ہیوسٹن کے قونصلر جنرل کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے خصوصی ملاقات کا انتظام کیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ اس ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے قونصلر جنرل کو بتایا تھا کہ ان کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ انہوں نے ملاقات کے دوران سفارتکار کو آگاہ کیا کہ حال ہی میں ان کا ماہر نفسیات نے معائنہ کیا تھا جس نے انہیں صحت مند قرار دیا ہے۔

No comments.

Leave a Reply