اسرائیل نے بحرین کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے کے اعلان کی توثیق کر دی

بحرین کے شاہ حمد بن عیسی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو

بحرین کے شاہ حمد بن عیسی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو

یروشلم ۔۔۔ نیوز ٹائم

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کے ترجمان اوفیر گینڈیلمین (Ofir Gendelman) نے بتایا کہ کابینہ نے گزشتہ روز اسرائیل اور بحرین کے مابین سفارتی اور پرامن تعلقات کے قیام کے مشترکہ اعلامیے کی منظوری دی ہے۔ بحرین کی حکومت نے دو ماہ قبل اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر اتفاق کیا تھا اور دونوں ممالک کے مابین وائٹ ہائوس میں ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بحرین کے شاہ حمد بن عیسی (King Hamad bin Isa Al Khalifa) اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے بحرین اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ پر اتفاق کیا۔ گذشتہ 18 اکتوبر کو بحرین اور اسرائیل نے منامہ میں معاہدے پر دستخط کیے، دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کی مشترکہ یادداشتوں جن میں مالی اور معاشی یادداشتیں بھی شامل ہیں پر دستخط کیے گئے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے بحرین کے وزیر خارجہ اور امریکی وزیر خزانہ کو تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ بحرین کے وزیر خارجہ عبد الطیف بن راشد الزیانی (Abdullatif bin Rashid al Zayani) نے اس وقت کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اسرائیل کے ساتھ قیام امن معاہدے کا اعلان اور تعاون کی یادداشتوں کی منظوری سے مملکت بحرین اور ریاست اسرائیل کے مابین ایک نتیجہ خیز باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا جو خطے میں امن کی بنیادوں کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک امن اور بات چیت کے نقطہ نظر کے لیے پرعزم ہے۔  مشرق وسطی میں ایک منصفانہ اور جامع امن تک پہنچنا ہو گا اور دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق اقدامات کرنا ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ 13 اگست کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور ابو ظبی کے ولی عہد متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر الشیخ محمد بن زاید النہیان (Sheikh Muhammad bin Zayed Al Nahyan) نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین مکمل دوطرفہ تعلقات کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ 15 ستمبر کو وائٹ ہائوس نے ایک طرف متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تاریخی امن معاہدے کی دستخط کی تقریب کی میزبانی کی اور دوسری طرف مناما اور تل ابیب کے مابین امن معاہدے کے اعلامیے کا اعلان کیا۔

No comments.

Leave a Reply