امریکا کی اپنے اتحادی ممالک سے ایران، چین اور روس کے معاملے پر مشاورت

امریکی قومی سلامتی کے مشیر سولیوان

امریکی قومی سلامتی کے مشیر سولیوان

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکا میں نئے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے ایران کے معاملے میں عالمی سطح پر رابطے شروع کر دیے ہیں۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر سولیوان (Jake Sullivan) نے جمعہ کے روز بتایا کہ انہوں نے روس، چین اور ایران کے معاملات پر اپنے یورپی اتحادیوں سے بات چیت کی ہے۔ امریکی حکومت کی ترجمان ایملی ہون (Emily Horne) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سولیوان نے فرانس، جرمنی، برطانیہ اور جاپان کے عہدیداروں سے متعدد مسائل پر بات چیت کی۔ یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں ایران، روس، شمالی کوریا اور کرونا وائرس سے متعلق امور کے بارے میں ابتدائی بات چیت کی گئی۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے نیٹو اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ بدھ کی شام پہلی پریس بریفنگ میں وائٹ ہائوس کے ترجمان جین بساکی (Jen Psaki)  نے ایرانی جوہری معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا، ایران پر جوہری پابندیوں کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر مزید پابندیوں کا معاملہ صدر کے غیر ملکی ہم منصبوں اور اتحادیوں کے ساتھ ابتدائی مشاورت کا حصہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ایران کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں اتحادیوں سے جلدی سے مشاورت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply