جوبائیڈن کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان اور امریکا کی اعلی قیادت کا پہلا رابطہ

امریکی وزیر خارجہ انٹونی انتھونی بلنکن اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

امریکی وزیر خارجہ انٹونی انتھونی بلنکن اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

جو بائیڈن کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان اور امریکا کی اعلی قیادت کا پہلا رابطہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، پاک، امریکا تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال۔  تفصیلات کے مطابق نئے امریکی صدر جو بائیڈن اور پاکستان کی تحریک انصاف حکومت کے درمیان سفارتی روابط کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ جمعہ کی شب کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب انتھونی بلنکن (Antony J. Blinken)  کے درمیان ہوئی گفتگو میں اہم امور پر زیر بحث آئے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن (Antony J. Blinken)  کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ جامع شراکتداری کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان اور امریکہ جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کے متمنی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کمی لائی جائے تاکہ افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کی راہیں ہموار ہوں۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے خراج تحسین بھی پیش کیا۔  جبکہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ڈینئل پرل کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

No comments.

Leave a Reply