میانمر میں مظاہرین کے خلاف نیا کریک ڈائون درجنوں گرفتار، کئی زخمی

میانمر میں مظاہرین کے خلاف نیا کریک ڈائون درجنوں گرفتار

میانمر میں مظاہرین کے خلاف نیا کریک ڈائون درجنوں گرفتار

ینگون ۔۔۔ نیوز ٹائم

میانمر کی پولیس باغی فوج کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر ٹوٹ پڑی۔ میانمر کے بڑے تجارتی شہر ینگون میں جمعہ کے روز پولیس نے آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ مظاہرین پر براہ راست گولیاں بھی چلائیں۔ اس دوران کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں گھر کے باہر کھیلنے والے 2 بچے بھی شامل ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں ایک جاپانی صحافی بھی شامل ہے، جس 4 گھنٹے بعد رہا کر دیا گیا۔ ادھر دوسرے بڑے شہر ماندالے (Mandalay)  میں بھی کارروائی کے دوران 30 افراد کو تشدد کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ پولیس نے کارروائی کے دوران راہگیروں کو بھی نہ چھوڑا اور سائیکل سوار نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ کریک ڈائون کے دوران اہلکاروں نے ربڑ کی گولیوں کے ساتھ براہِ راست فائرنگ بھی کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بغاوت کر کے حکومت کا تختہ الٹنے والی فوج کے کٹھ پتلی شہریوں نے مظاہرین پر حملے کر کے انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اس دوران مختلف مقامات پر فوج کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں ہوئی تھیں، جن میں غنڈے لوہے کے ڈنڈے اور چاقو لے کر احتجاج کرنے والے شہریوں پر پل پڑے تھے۔ آمریت کے حامیوں کی جانب سے دھاووں کے دوران پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے اور مسلح بلوائیوں کو روکنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ مسلح افراد نے ہاتھوں میں بینر بھی اٹھا رکھے، جن پر فوج سے اظہار یکجہتی اور عوامی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

No comments.

Leave a Reply