جاپان کا غیر ملکی تماشائیوں کے بغیر اولمپکس کروانے کا فیصلہ

جاپان میں ہونے والے سمر اولمپکس اور پیرالمپکس کو غیر ملکی تماشائیوں کے بغیر کروانے کا فیصلہ

جاپان میں ہونے والے سمر اولمپکس اور پیرالمپکس کو غیر ملکی تماشائیوں کے بغیر کروانے کا فیصلہ

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

رواں سال جولائی میں جاپان میں ہونے والے سمر اولمپکس اور پیرالمپکس کو غیر ملکی تماشائیوں کے بغیر کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو کئی ممالک میں کوویڈ۔19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے سبب غیر ملکی تماشائیوں کی آمد پر تحفظات ہیں۔ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے باعث جہاں کئی کھیلوں کی سرگرمیاں منسوخ کی گئیں وہیں گزشتہ سال جاپان میں ہونے والے اولمپکس گیمز کو بھی ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یہ گیمز اب جولائی میں ہوں گے لیکن مہلک وبا کے باعث جاپان کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے غیر ملکی شائقین اولمپکس اور پیرالمپکس کو دیکھنے کے لیے ٹوکیو نہیں آئیں گے۔ یہ فیصلہ جاپانی عوام میں کورونا وائرس کے حوالے سے پھیلی تشویش پر کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاپان کی حکومت کے لیے کھیلوں کے سب سے بڑے میلے میں غیر ملکی فینز کو خوش آمدید کہنا ممکن نہیں ہو گا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی مختلف اقسام کے پھیلائو کو روکنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب ٹوکیو اولمپک کھیلوں کے منتظمین کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیشِ نظر اولمپک مشعل دوڑ کا آغاز شائقین کے بغیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس مشعل دوڑ کا افتتاح 25 مارچ کو فکوشیما میں جے ولیج فٹبال ٹریننگ سینٹر میں ہونا ہے۔  اولمپک مشعل کو جاپان کے 47 پریفیکچروں کا سفر کرنے میں 121 دن لگیں گے۔ منتظمین سے قریبی ذرائع نے این ایچ کے کو بتایا ہے کہ وہ اس مشعل کی تقریب روانگی کو عام لوگوں کیلئے بند رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  وہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کی ہجوم جمع ہونے سے گریز کیا جائے اور انسدادِ وائرس اقدامات مکمل طور پر لاگو کرتے ہوئے مشعل دوڑ کا انعقاد محفوظ انداز میں کیا جائے۔

No comments.

Leave a Reply