میزائل ٹیسٹ پر تنقید: شمالی کوریا کا اقوام متحدہ پر دوہرے معیار کا الزام

شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے ایک نئی قسم کا شارٹ رینج بیلسٹک میزائل لانچ کیا

شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے ایک نئی قسم کا شارٹ رینج بیلسٹک میزائل لانچ کیا

سیئول ۔۔۔ نیوز ٹائم

اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کمیٹی کی جانب سے حالیہ میزائل ٹیسٹ پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر دوہرے معیار کا الزام عائد کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے ایک نئی قسم کا شارٹ رینج بیلسٹک میزائل لانچ کیا تھا جس پر واشنگٹن نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹی سے درخواست کی تھی۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ میں بین الاقوامی تنظیموں کے ڈائریکٹر جنرل جو چول سو (Jo Chol Su)  کے مطابق جمعہ کو کمیٹی کے اجلاس میں امریکا نے مطالبہ کیا کہ ٹیسٹ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شمالی کوریا پر اضافی پابندیاں عائد کی جائیں اور موجودہ پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ جو چول سو (Jo Chol Su)  نے کہا کہ یہ اجلاس ہمارے دفاع کے حق کو نظرانداز کرنے کے لیے بلایا گیا اور اس کے خلاف جوابی کارروائی کا انتباہ دیتے ہیں۔

شمالی کوریا کی سرکاری ‘کے سی این اے نیوز ایجنسی’ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جو چول سو (Jo Chol Su)  نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں امریکی ایما پر خود مختار ریاست سے انکار اور واضح دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جب دنیا بھر میں متعدد ممالک اپنی دفاعی اور عسکری قوت میں اضافے کے لیے میزائل فائر کر رہے ہیں تو صرف ہمارے دفاعی اقدام کی کھلم کھلا مذمت کیوں کی جا رہی ہے۔ یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے میزائل ٹیسٹ کو تنقید کا نشانہ بنانے پر اسے پہلا غلط قدم اور گہری دشمنی کے مترادف قرار دیا تھا۔ جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ہم اپنے اتحادیوں اور پارٹنرز سے رابطے میں ہیں اور شمالی کوریا کی اشتعال انگیز کارروائیوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہم مناسب جواب دیں گے۔

No comments.

Leave a Reply