ٹوکیو اولمپکس کے لئے شائقین کی تعداد پر فیصلہ موخر

ٹوکیو اولمپک کی انتظامی کمیٹی کی سربراہ ہاشیموتو سیئکو اور انتظامی کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل متو توشیرو

ٹوکیو اولمپک کی انتظامی کمیٹی کی سربراہ ہاشیموتو سیئکو اور انتظامی کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل متو توشیرو

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

ٹوکیو اولمپک اور پیرالمپک کھیلوں کی انتظامی کمیٹی کی سربراہ ہاشیموتو سیئکو (Seiko Hashimoto) نے عندیہ دیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے لئے اندرون ملک کے شائقین کی تعداد پر حد کا فیصلہ غالبا فی الحال موخر کیا جائے گا۔ انہوں نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے گزشتہ روز منعقدہ بورڈ اجلاس کے بعد اس خیال کا اظہار کیا کہ شائد ابھی مزید کچھ وقت کی ضرورت ہو گی۔ غیر ملکی شائقین کو اجازت نہ دینے کا فیصلہ مارچ میں کیا گیا تھا۔ ملکی شائقین کو اجازت دینے کی حد سے متعلق ایک عمومی اعلان ابتدائی طور پر اپریل کے اختتام تک متوقع تھا۔ انتظامی کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل متو توشیرو (Toshiro Muto) نے اس امکان کا اشارہ دیا ہے کہ شائد جون تک فیصلہ نہ کیا جائے۔  ان کا کہنا تھا کہ آخری وقت پر کیا جانے والا فیصلہ ان لوگوں اور ہوٹلوں کیلئے نامناسب ہو گا جن کے پاس ٹکٹ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان میں وائرس کے پھیلائو کی صورتحال پر کڑی نظر رکھتے ہوئے،  مذکورہ انتظامی کمیٹی اس معاملے پر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، بین الاقوامی پیرالمپک کمیٹی، حکومت جاپان اور بلدیہ عظمی ٹوکیو کے ساتھ جلد از جلد اگلے ہفتے تبادلہ خیال کرے گی۔

دوسری جانب بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ (Thomas Bach)  نے کہا ہے کہ ٹوکیو میں امکانی طور پر نافذ ہونے والی ہنگامی حالت کا ٹوکیو گیمز پر براہ راست اثر نہیں پڑے گا۔ حکومت جاپان کورونا وائرس انفیکشنز کے نئے اضافے پر قابو پانے کیلئے ٹوکیو اور دیگر تین پریفیکچروں میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کرنے پر غور کر رہی ہے۔ وہ ماہرین سے مشاورت کے بعد جمعہ کے روز باضابطہ فیصلہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ باخ (Thomas Bach)  نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، آئی او سی کے اعلی انتظامی عہدیداروں کے گزشتہ روز منعقدہ بند کمرہ بورڈ اجلاس کے بعد ایک اخباری کانفرنس میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ گولڈن ویک کی تعطیلات کیلئے صورتحال پر قابو پانے کا ایک اقدام ہو گا جس کے ذریعے حکومت انفیکشن کے پھیلائو کی روک تھام کی خواہاں ہے۔  انہوں نے زور دیا کہ ممکنہ ہنگامی حالت کا تعلق جولائی میں شروع ہونے والے اولمپک کھیلوں سے نہیں بلکہ عنقریب آنے والی تعطیلات سے ہے۔ باخ (Thomas Bach)  نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، ٹوکیو اولمپک و پیرالمپک کھیلوں کی انتظامی کمیٹیوں اور دیگر کی جانب سے شائع کردہ پلے بک میں کھیلوں کیلئے وضع کردہ انسداد کورونا وائرس اقدامات کا حوالہ دیا۔  اس کا نظرثانی شدہ شمارہ اگلے ہفتے جاری ہونے والا ہے۔

No comments.

Leave a Reply