جاپان نے پاکستان کا 36کروڑ 70لاکھ ڈالر قرضہ مؤخر کردیا

پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری اور سیکریٹری برائے اقتصادی امور نور احمد نے دستخط کیے

پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری اور سیکریٹری برائے اقتصادی امور نور احمد نے دستخط کیے

اسلام آباد ۔۔۔نیوز ٹائم

جاپان نے پاکستان کو 367 ملین قرض موخر کردیا۔  پاکستان اور جاپان نے 40 ارب جاپانی ین (تقریبا 37 کروڑ ڈالر) قرض کے التوا پر اتفاق کیا تاکہ کورونا وائرس کے ان مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی جا سکے۔ یہ اقدام جی20 کے قرض موخر کرنے کے اقدام کے عین مطابق ہے جس پر 15 اپریل 2020 ء کو اتفاق کیا گیا تھا اور 9 جون 2020 ء کو پاکستان اور قرض دہندگان میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔ قرض موخر کرنے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس پر پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوڈا کونینوری (Kuninori Matsuda) اور سیکریٹری برائے اقتصادی امور نور احمد نے دستخط کیے۔ جن رعایتی قرضوں کی ادائیگی کو موخر کیا گیا ہے انہیں 1900ء سے 2010 ء تک پاکستان میں ترقیاتی کاموں جیسے سڑکوں، سرنگوں، پاور پلانٹس کی تعمیر، آبپاشی، پانی کی ترسیل، نکاسی آب وغیرہ کے لیے دیا گیا تھا۔ اس قرض میں انتہائی کم شرح سود کے ساتھ ساتھ طویل عرصے کے لیے رعایت اور دوبارہ ادائیگی کی موزوں مدت سمیت پاکستان کے لیے انتہائی سازگار شرائط رکھی گئی تھیں۔

اس موقع پر جاپانی سفیر متسوڈا کونینوری (Kuninori Matsuda)نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کی امید پیدا ہونے کے بعد مجھے یقین ہے کہ ان میں سے کچھ منصوبے پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیا کے مابین رابطے کا سبب بنیں گے۔ اس معاہدے کے تحت یکم مئی 2020 ء اور 31 دسمبر 2020 ء کے درمیان واجب الادا ہونے والے قرض اور سود کی ادائیگی کا شیڈول 15 جون 2022ء کے بعد دوبارہ مرتب کیا جائے گا۔ کووڈ۔19 کے عالمی سطح پر پھیلائو کے بعد ہر سطح پر معاشی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور پاکستان بھی وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جاپان نے پاکستان کو 95 لاکھ ڈالرز کی براہ راست مدد فراہم کی تھی جبکہ کووڈ۔19 کا پھیلائو روکنے اور اس کی تشخیص کی کٹ سمیت دیگر طبی آلات کی جلد دستیابی یقینی بنانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بھی 74 لاکھ ڈالر کی امدادی رقم دی تھی۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ اس بیماری سے لڑنے کے لیے طبی اور معاشی محاذ پر عالمی یکجہتی ضروری ہے اور ہم نے پاکستان کے ساتھ آج جس معاہدے پر دستخط کیے ہیں یہ اقتصادی محاذ پر جاپان کی پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

No comments.

Leave a Reply