تین سال بعد آسکر ایوارڈز کی تقریب میزبان کے ساتھ منعقد کرنے کا اعلان

آسکر ایوارڈز تقریب 27 مارچ کو ہی منعقد کیا جائے گا۔

آسکر ایوارڈز تقریب 27 مارچ کو ہی منعقد کیا جائے گا۔

لاس اینجلس  ۔۔۔ نیوز ٹائم

فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈ ”آسکر” دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے اعلان کیا ہے کہ اس سال ایوارڈز تقریب کا انعقاد میزبان کے ساتھ کیا جائے گا۔ آسکر ایوارڈز کی تقریب گزشتہ تین سال سے کسی میزبان کے بغیر ہی منعقد کی جا رہی تھی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسکر ایوارڈز کی تقریب کو براہ راست نشر کرنے والے چینل اے بی سی کی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ رواں برس کی تقریب میزبان کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔ ٹی وی چینل اور ایوارڈز دینے والی اکیڈمی کی انتظامیہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایوارڈز تقریب کو اپنے مقرر وقت یعنی 27 مارچ کو ہی منعقد کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ 94 ویں سالانہ تقریب کا انعقاد لاس اینجلس کے روایتی ڈولبے تھیٹرز میں منعقد کیا جائے گا، جہاں سالوں سے تقریب منعقد ہوتی آ رہی ہے۔ انتظامیہ نے اگرچہ اس بات کی تصدیق کی کہ رواں سال تقریب کو میزبان کے ساتھ ڈولبے تھیٹرز میں ہی منعقد کیا جائے گا، تاہم منتظمین نے فوری طور پر میزبان کے نام کا اعلان نہیں کیا۔ منتظمین نے کورونا کے کیسز بڑھنے کے باوجود کہا ہے کہ تقریب مقرر وقت پر منعقد ہو گی۔

اس سے قبل گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے تاخیر سے اپریل میں تقریب منعقد کی گئی تھی، جبکہ تقریب کو محدود کر کے ڈولبے تھیٹرز کے بجائے تاریخی ریلوے اسٹیشن پر کھلے مقام پر منعقد کیا گیا تھا۔ اب انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تقریب کا انعقاد روایتی ڈولبے تھیٹرز میں ہی ہو گا، جہاں 3400 مہمانوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔تاحال 94 ویں آسکرز کی نامزدگیوں کا اعلان نہیں کیا، آئندہ ماہ فروری کے آغاز میں نامزدگیوں کا اعلان ہو گا۔عام طور پر آسکرز کی تقریب فروری کے اختتام پر ہوتی ہے، تاہم کورونا کے پیش نظر رواں برس مارچ کے اختتام پر ہو گی، گزشتہ برس بھی تقریب اپریل میں کی گئی تھی۔

No comments.

Leave a Reply