دو ہزار بائیس کے لیے دنیا کے 10 مقبول ترین سیاحتی مقامات

دنیا بھر کے افراد کے ووٹوں کی بنیاد پر 2022 کے لیے مقبول ترین سیاحتی مقامات قرار دیا ہے

دنیا بھر کے افراد کے ووٹوں کی بنیاد پر 2022 کے لیے مقبول ترین سیاحتی مقامات قرار دیا ہے

نیوز ٹائم

قدرت کی خوبصورتی ہو یا بلند و بالا عمارات کا جادو، ٹیکنالوجی سے لیس شاپنگ پلازہ ہو یا تفریحی مقامات پر گھومنے پھرنے کا شوق کس فرد کو نہیں ہوتا تاہم اس کی استطاعت بہت کم لوگوں کو ہوتی ہے۔ مگر پھر بھی جو لوگ رواں برس دنیا کے مختلف شہروں کی سیر کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے دنیا کے دس بہترین شہروں کا انتخاب سامنے آ گیا ہے۔ ان شہروں کو سیاحت کے لیے معروف ادارے ٹرپ ایڈوائزر نے دنیا بھر کے افراد کے ووٹوں کی بنیاد پر 2022 کے لیے مقبول ترین سیاحتی مقامات قرار دیا ہے۔ جہاں آپ ٹیکنالوجی، قدامت پسندی، فطری خوبصورتی، برف، سمندر، پہاڑی، جنگلی حیات غرض کہ ہر قسم کے نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

فہرست میں شامل شہر درج ذیل ہیں۔

10۔ غردقہ، مصر

یہ بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں واقع مصر کے چند اہم سیاحتی مراکز میں سے ایک ہے جس کی بنیاد 20 ویں صدی کے شروع میں رکھی گئی تھی۔ کئی دہائیوں تک یہ ماہی گیروں کا ایک چھوٹا سا گائوں تھا مگر اب یہ بحیرہ احمر کا ریزورٹ بن چکا ہے جو 36 کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

9۔ پیرس

محبت کا شہر قرار دیا جانے والا پیرس سیاحت کے لحاظ سے دنیا کے معروف ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور سالانہ کروڑوں افراد کورونا کی وبا سے قبل اس شہر کا رخ کرتے تھے۔ یہاں کی شاندار و تاریخی عمارات، عالمی سطح پر معروف ادارے اور مشہور باغات دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح کھنچے چلے آتے ہیں۔

8۔ استنبول

ترکی کا یہ شمال مغربی شہر باسفورس کے ایک جانب یورپ کے علاقے تھریس اور دوسری جانب ایشیا کے علاقے اناطولیہ تک پھیلا ہوا ہے اس طرح وہ دنیا کا واحد شہر ہے جو دو براعظموں میں واقع ہے۔ استنبول تاریخ عالم کا واحد شہر جو تین عظیم سلطنتوں کا دارالحکومت رہا ہے جن میں رومی سلطنت، بازنطینی سلطنت اور سلطنت عثمانیہ شامل ہیں۔ استنبول کو سات پہاڑیوں کا شہر  بھی کہا جاتا ہے، کیونکہ شہر کا سب سے قدیم علاقہ سات پہاڑیوں پر بنا ہوا ہے جہاں ہر پہاڑی کی چوٹی پر ایک مسجد قائم ہے، یہاں جدت و قدامت کا امتزاج دیکھنے والوں کے لیے یہاں کا سفر زندگی کا یادگار ترین تجربہ بنا دیتا ہے۔

7۔ کابو سان لوکاس، میکسیکو

میکسیکو کا یہ ریزورٹ شہر بھی سیاحوں میں بہت زیادہ مقبول ہے جو اپنے ساحلوں، اسکوبا ڈائیونگ اور بحری حیات کے لیا جانا جاتا ہے۔ اس مقام پر کم از کم 10 ہزار قبل بھی انسان آباد تھے۔

6۔ روم

اٹلی کا دارالحکومت روم جسے لگ بھگ ایک ہزار سال تک مغربی دنیا کا سب سے اہم سیاسی مرکز، امیر ترین اور بڑے شہر کا اعزاز حاصل رہا اب بھی اپنے تاریخی آثار کی بنا پر دنیا بھر کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے۔ مگر یہاں کی جدید عمارات اور دریا کے کنارے کی سیر بھی لوگوں میں بہت مقبول ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد تعطیلات منانے کے لیے آتے ہیں۔

5۔ کریٹ، یونان

یہ بحیرہ روم کا پانچواں سب سے بڑا جزیرہ بھی ہے اور لاکھوں سیاح یہاں کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے آتے ہیں۔ سلطنت عثمانیہ نے اسے فتح بھی کیا مگر پہلی جنگ عظیم کے موقع پر اس کے کمزور ہونے پر یونان کے قبضے میں چلا گیا۔

4۔ بالی، انڈونیشیا

انڈونیشیا کا یہ جزیرہ جنوب مشرقی ایشیا میں سیاحت کے حوالے سے ایک اہم مقام مانا جاتا ہے، اور مغربی ملکوں سے ہزاروں سیاح یہاں ہر سال آتے ہیں۔

3۔ کانکون، میکسیکو

میکسیکو کا یہ شہر بھی سیاحوں میں بہت زیادہ مقبول ہے اور اس کی وجہ اس کے ساحلی مقامات ہیں۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ مایا تہذیب کے تاریخی مقامات کی وجہ سے بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔

2۔ لندن

لندن کسی تعارف کا محتاج نہیں، یہ ان چند شہروں میں سے ایک ہے جہاں ہر سال سب سے زیادہ سیاح رخ کرتے ہیں۔ لندن دنیا کے ممتاز تجارتی، معاشی اور ثقافتی مراکز میں سے ایک ہے اور دنیا بھر میں سیاسی، تعلیمی، تفریحی، صحافتی، فیشن اور فنون لطیفہ پر اس کے گہرے اثرات اس کے بین الاقوامی شہر ہونے کے شاہد ہیں۔ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل چار مقامات کا تعلق بھی لندن سے ہے، جن میں ویسٹ منسٹر محل اور کلیسائے ویسٹ منسٹر، کلیسائے سینٹ مارگریٹ، لندن برج، گرینچ کی تاریخی آبادی اور شاہی نباتاتی باغیچہ شامل ہیں۔

1۔ دبئی

3 یا چار دہائیوں قبل دبئی ایک صحرائی مقام سے زیادہ کچھ نہیں تھا۔ آج یہ دنیا کی سب سے بلند عمارت برج الخلیفہ، 1358 فٹ کے پرنسسز ٹاور اور 150 سے زائد بلند و بالا عمارات کا مرکز بن چکا ہے، اور اس فہرست میں اسے 2022 ء کا سب سے مقبول ترین سیاحتی مقام بھی قرار دیا گیا ہے۔

No comments.

Leave a Reply