ایرانی انسانی حقوق کی کارکن کو 8 سال قید اور 70 کوڑوں کی سزا

انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی

انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی

پیرس ۔۔۔ نیوز ٹائم

ایران کی عدالت نے ملک کی سب سے نامور انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی (Narges Mohammadi)کو 8 سال قید اور 70 سے زیادہ کوڑوں کی سزا سنا دی ہے۔ نرگس محمدی (Narges Mohammadi) کے شوہر نے حال ہی میں بتایا کہ ایرانی عدالت نے ان کی اہلیہ نرگس محمدی کو نئی سزا سنائی ہے۔ فرانس میں مقیم نرگس محمدی (Narges Mohammadi) کے شوہر تقی رحمانی (Taghi Rahmani) نے ٹوئٹر پر لکھا کہ سزا صرف پانچ منٹ تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد سنائی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر اس مقدمے اور نئے فیصلے کی تفصیلات ہمارے لیے واضح نہیں ہیں۔ تقی رحمانی (Taghi Rahmani) نے اس بارے میں بی بی سی فارسی کو بتایا کہ چونکہ نرگس محمدی (Narges Mohammadi) کو فون کال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اس لیے وہ سزا کی تصدیق نہیں کر سکے، لیکن انہوں نے سنا ہے کہ سزا دیگر قیدیوں کو ٹیلی فون کے ذریعے بتائی جا رہی ہے۔ تقی رحمانی (Taghi Rahmani) کے مطابق  اگر یہ خبر درست ہے تو یہ سزا 30 ماہ کی قید اور 80 کوڑوں کی سزا کے علاوہ ہے جو  نرگس محمدی (Narges Mohammadi) کو گزشتہ برس جون میں سنائی گئی تھی۔ نرگس محمدی (Narges Mohammadi) کو سیکیورٹی فورسز نے 16 نومبر کو ابراہیم کتبدار (Ibrahim Kutbdar) کی یادگاری تقریب کے دوران گرفتار کیا تھا، جو دو سال قبل نومبر کے احتجاج کے متاثرین میں سے ایک تھے۔ تقریبا دو ماہ تک انہیں وزارت کے انٹیلی جنس حراستی مرکز، وارڈ 209، ایون جیل (Avon Jail)  میں قید تنہائی میں رکھا گیا، جہاں سے انہوں نے اہلِخانہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

قبل ازیں نرگس محمدی کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ان کے کیس میں سعودی عرب کے لیے جاسوسی کا نیا الزام شامل کیا گیا ہے۔ نوبل امن انعام یافتہ سیرین عبادی (Shirin Ebadi)  کے قائم کردہ سینٹر فار ہیومن رائٹس ڈیفنڈرز کی ترجمان نرگس محمدی کو حالیہ برسوں میں متعدد بار گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انھیں 2015 ء میں غیر قانونی گروپ قائم کرنے اور چلانے کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بعد ازاں پانچ سال قید کے بعد اکتوبر 2020 ء میں شدید ناساز طبیعت کے باعث نرگس محمدی کو رہا کیا گیا۔ مارچ 2021 ء میں دوبارہ ایران کے سیاسی نظام کے خلاف پروپیگنڈا، ہتک عزت اور تعزیری حکام کے خلاف موقف کے الزام میں 30 ماہ قید اور 80 کوڑوں کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان پر تہران کی ایون جیل (Avon Jail)   میں نظربندی کے دوران سزائے موت کے خلاف ایک بیان شائع کرنے اور احتجاجی دھرنا دینے کا الزام تھا۔ نرگس محمدی ایران میں سزائے موت کے خلاف سرگرم ترین کارکن رہی ہیں اور سیاسی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف متعدد بار بھوک ہڑتال کر چکی ہیں۔ نرگس محمدی سالڈ اسٹیٹ فزکس کی گریجویٹ ہیں لیکن پچھلے کچھ برسوں  سے انسانی حقوق کے شعبے میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے 2018 ء میں آندرے سخاروف (Andrei Sakharov)  پرائز جیتا تھا۔

No comments.

Leave a Reply