ترکی کی داعش کے خلاف جنگی تیاریاں شروع

ترکی نے داعش کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے 15 ٹینک شام کی سرحد پر لگا دیئے ہیں

ترکی نے داعش کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے 15 ٹینک شام کی سرحد پر لگا دیئے ہیں

انقرہ، دمشق ۔۔۔ نیوز ٹائم

ترکی نے داعش کے خلاف جنگ کی تیاریاں شروع کر دیں اور ٹینک شام کی سرحد پر لگا دیئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی نے داعش کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے 15 ٹینک شام کی سرحد پر لگا دیئے ہیں ٹینکوں کو حرکت میں لانے کی بڑی وجہ داعش کی جانب سے فائر کئے گئے وہ 3 راکٹ ہیں جو ترکی میں شامی مہاجرین کیمپ پر داغے گئے جن سے ترک اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے ترک ٹینک سرحد پر داعش کے زیر قبضہ شامی قصبے عین العرب کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں مگر تاحال ترکی کی جانب سے راکٹ حملوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا دوسری جانب امریکی طیاروں نے 4 شامی صوبوں پر بمباری کی، امریکی طیاروں نے اناج ڈپو اور مقامی آبادی کو نشانہ بنایا جس سے درجنوں افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، شامی مبصر گروپ کے مطابق امریکی طیاروں نے حلب، رقاہ، ہسک اور دیر الزور میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا مبصر گروپ کے مطابق حلب میں اناج ڈپو پر بمباری سے درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں مگر اس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دریں اثنا ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ ان کا ملک داعش کے خلاف جنگ میں عالمی اتحاد سے باہر نہیں رہ سکتا۔ استنبول میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم داعش کے معاملہ پر اسی ہفتے اپنے متعلقہ اداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ ہم یقیناً وہاں ہوں گے جہاں ہمیں ہونا چاہیے۔ ہم اس سے باہر نہیں رہ سکتے۔ ادھر عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی نے کہا ہے کہ شام کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ضرورت ہے، نبیل العربی نے عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی بری فوج آج بھی داعش پر کامیاب حملہ کر سکتی ہے۔ عرب لیگ کے سربراہ نے اس موقع پر داعش کے خلاف کارروائی میں ایران کے شامل ہونے کی اہمیت پر بھی زور دیا کیونکہ ان کے مطابق ایران خطے میں بہت سے جھگڑوں کا لازمی حصہ ہے اس لیے داعش مخالف جنگ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ایران کو شریک کرنے پر غور کیا جانا چاہیے۔

No comments.

Leave a Reply