سلامتی کونسل میں اسرائیل مخالف فلسطینی قرارداد ناکام

سلامتی کونسل میں اسرائیل مخالف فلسطینی قرارداد ناکام

سلامتی کونسل میں اسرائیل مخالف فلسطینی قرارداد ناکام

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی جانب سے پیش کی جانے والی اسرائیل مخالف قرارداد ناکام ہو گئی ہے۔ مجوزہ قرارداد میں فلسطینی حکام نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لیے ایک سال کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے اور 2017ء  تک مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔ منگل کی شام سلامتی کونسل میں قرارداد پر بحث کے بعد ہونے والی رائے شماری کے دوران 15 رکنی کونسل کے 8 ارکان نے اس کے حق میں جبکہ امریکہ اور آسٹریلیا نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ کونسل کے 5 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ 15 رکنی سلامتی کونسل میں قرارداد کو منظوری کے لیے کم از کم 9 ووٹ درکار تھے۔ تاہم قرارداد کے حق میں مطلوبہ 9 ووٹ نہ آنے کے باوجود بھی امریکہ نے قرارداد کے خلاف ‘ویٹو’ کا اختیار استعمال کرتے ہوئے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والوں میں ‘ویٹو’ کا اختیار رکھنے والی 3 دیگر عالمی طاقتیں  فرانس، روس اور چین بھی شامل تھے جبکہ چوتھی ‘ویٹو’ پاور برطانیہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اقوامِ متحدہ کے رکن تمام 22 عرب ملکوں نے پیر کو قرارداد کی توثیق کی تھی جس کے بعد سلامتی کونسل کے واحد عرب رکن ملک اردن نے فلسطین کی نمائندگی کرتے ہوئے منگل کو قرارداد کا مسودہ منظوری کے لیے کونسل کے سامنے پیش کیا تھا۔ امریکہ اور برطانیہ پہلے ہی فلسطینی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے اس طرح کی کوششوں کو مشرقِ وسطیٰ کے امن عمل کے لیے نقصان دہ قرار دے چکے تھے جس کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یہ دونوں یا ان میں سے کوئی ایک ملک قرارداد کو ‘ویٹو’ کر دے گا۔ قرارداد میں فلسطینی حکام نے مطالبہ کیا تھا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات 1967ء  سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر کیے جائیں۔ خیال رہے کہ 1967ء  کی جنگ کے دوران اسرائیل نے مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لیا تھا جو اول الذکر دونوں علاقوں پر تاحال برقرار ہے۔ قرارداد میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے 12 مہینوں کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جبکہ اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ 2017ء  تک تمام فلسطینی مقبوضات خالی کر دے۔

No comments.

Leave a Reply