اقوام عالم کے نفسیاتی اور سماجی مسائل کے حل میں مدد کر سکتی ہوں: سلوی المطیری

سلوی المطیری

سلوی المطیری

کویت ۔۔۔ نیوز ٹائم

 کویت کی ایک سرگرم خاتون سماجی رہنما اور اپنے متنازعہ بیانات میں آفاقی شہرت کی حامل سلوی المطیری نے”اقوام عالم”  کے مسائل کے حل کے لیے اپنی ”کرشماتی” کرامات کے ذریعے مدد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ مسز سلوی المطیری کی جانب سے سماجی رابطے کی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ”یوٹیوب” پر انگریزی ترجمے کے ساتھ ایک ویڈیو فوٹیج کے ذریعے دعوی کیا ہے کہ وہ اقوام عالم کے نفسیاتی اور سماجی مسائل کے حل میں مدد کر سکتی ہیں۔ سلوی کہ مطابق اگرچہ یہ ایک چیلنج ہے لیکن میں دنیا کو یہ چیلنج دے رہی ہوں اور خود بھی اس چیلنج کو قبول کرنے کے لیے تیار ہوں۔ سلوی کا کہنا ہے کہ اس کا ہدف جرمنی، فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، امریکا اور روس جیسے ترقی یافتہ ممالک نہیں بلکہ وہ ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک ہیں جہاں لوگوں کو طبی، نفسیاتی اور سماجی نوعیت کے ہمہ نوع مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ کویتی خاتون نے کہا کہ میں اپنی ”کرشماتی کرامات” کے ذریعے ان ملکوں کے عوام کے نفسیاتی مسائل کے حل میں مدد کی متمنی ہوں۔ جو ملک مجھ سے ”خدمات” حاصل کرنا چاہتا ہے اسے اپنی وزارت داخلہ اور وزارت صحت کو مجھ سے بھرپور تعاون کرنا ہو گا۔ میں جس ملک میں بھی لوگوں کے سماجی اور نفسیاتی مسائل حل کرنے جائوں گی وہاں کی وزارت داخلہ کو اس کے منفی اثرات کے بارے میں پہلے آگاہ کروں گی۔ سلوی المطیری کا دعوی ہے کہ ”میرے مخصوص طریقہ علاج کے مطابق عمل کرنے سے چند دنوں میں تبدیلی آئی گی، سماجی جرائم غیر معمولی حدتک کم ہوجائیں گے اور شہریوں کو نفسیاتی امراض سے کافی حد تک نجات مل جائے گی۔ پورا معاشرہ سکون کا سانس لے گا۔ خیال رہے کہ کویتی سماجی رہ نما سلوی المطیری ماضی میں بھی اپنے ”انوکھے ٹوٹکوں” اور متنازعہ بیانات کے باعث میڈیا میں ایک منتازعہ شخصیت سمجھی جاتی رہی ہیں۔ انہوں نے 2012 کے پارلیمانی انتخابات میں بھی قسمت آزمائی تھی لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔ اپنے ملک میں انتخابات میں ناکامی کے بعد اب وہ اقوام عالم کے طبی، نفسیاتی اور سماجی مسائل کا حل نکالنے نکلی ہیں۔

No comments.

Leave a Reply