تکریت میں دولت اسلامیہ پر امریکہ کے فضائی حملے

تکریت میں دولت اسلامیہ پر امریکہ کے فضائی حملے

تکریت میں دولت اسلامیہ پر امریکہ کے فضائی حملے

بغداد ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکہ نے عراق کے شہر تکریت میں دولت اسلامیہ  کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کر دیئے، امریکی فوجی حکام نے حملوں کی تصدیق کی ہے۔ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے امریکہ سے حملوں کی درخواست کی تھی کیونکہ تکریت کو دولت اسلامیہ کے قبضے سے چھڑانے کے لیے ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا اور عراقی فوج کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ امریکی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل جیمز ٹیری نے بتایا کہ فضائی حملوں کا مقصد دولت اسلامیہ کے مضبوط ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنانا ہے تاکہ حملوں میں دیگر املاک کو نقصان نہ پہنچے۔ قبل ازیں امریکی وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم حیدر العبادی کی درخواست پر تکریت کو دولت اسلامیہ سے چھڑانے کے لیے عراقی فوج کو فضائی حملوں، انٹیلی جنس معلومات اور مشاورت جیسے معاملات میں امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تکریت شہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ مقامی افراد کے مطابق فضائی حملوں میں دولت اسلامیہ کے متعدد جنگجوئوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دریں اثنا عراقی فوج نے تکریت میں داعش کے خلاف جارحانہ پیش قدمی دوبارہ شروع کر دی ہے اور دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ قبل ازیں دولت اسلامیہ کی جانب سے سخت مزاحمت کے باعث پیش قدمی روک دی گئی تھی۔ عراقی فوج نے 2 مارچ  کو تکریت کو آزاد کرانے کے لیے دولت اسلامیہ کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا جس کے نتیجے میں تکریت کے ایک بڑے حصے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا تھا۔ دولت اسلامیہ کے خلاف آپریشن میں عراقی فوج کے ساتھ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے 20 ہزار کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ ایرانی جنرل سلیمانی کی قیادت میں متعدد فوجی ماہرین تکریت میں جاری آپریشن کی رہنمائی بھی کر رہے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply