امریکا نے کیوبا کو دہشت گرد ممالک کی فہرست سے نکال دیا

امریکا کے صدر باراک اوباما اور کیوبا کے صدر راول کاستوری

امریکا کے صدر باراک اوباما اور کیوبا کے صدر راول کاستوری

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکا نے نصف صدی پر محیط طویل کشمکش کے بعد بالآخر کیوبا کو دہشت گردی کی معاونت کرے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے جس کے بعد طویل دورانیے کی معاشی پابندیوں کا سامنا کرنے والے ملک کے حالات بہتر ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ العربیہ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو صدر اوباما کی جانب سے کیوبا پر عائد پابندیاں ہٹانے سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کا انتظار تھا۔ کیونکہ صدر اوباما کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی شرط پر ہوانا کا نام دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کر چکے تھے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے جمعہ کے روز کیوبا کو دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا تھا۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی اور ہوانا پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کا آغاز ہو گا۔ خیال رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے 14 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ وہ کیوبا کے ساتھ نصف صدی پر محیط سرد جنگ ختم کر رہے ہیں تاہم کیوبا کا نام دہشت گردی کے سہولت کار ممالک کی فہرست سے نکالنے کے لیے کانگریس کی حتمی منظوری ضروری تھی جس نے صدر کے فیصلے کی 45 دن میں توثیق کرنا تھی۔ امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کیوبا کا نام دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ہوانا پر عائد تمام اقتصادی، تجارتی اور اسلحے کی فروخت کی پابندیاں بھی اٹھ جائیں گی۔ حکومت کے فیصلے کے باوجود کیوبا کو اسلحے کی برآمد پر پابندی سمیت تجارتی نوعیت کی پابندیاں برقرار رہیں گی۔

No comments.

Leave a Reply