افغان پارلیمنٹ پر دوران اجلاس طالبان کا دھاوا، 7 حملہ آور ہلاک، 25 افراد زخمی

افغان پارلیمنٹ پر دوران اجلاس طالبان کا دھاوا، 7 حملہ آور ہلاک، 25 افراد زخمی

افغان پارلیمنٹ پر دوران اجلاس طالبان کا دھاوا، 7 حملہ آور ہلاک، 25 افراد زخمی

کابل ۔۔۔ نیوز ٹائم

افغان پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران طالبان کے حملے میں 2 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 حملہ آور بھی مارے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس کے بعد اس کے 6 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی عمارت کے اندر گھس گئے، حملے کے وقت افغان پارلیمنٹ کا اجلاس جاری تھا جبکہ پارلیمنٹ پر حملے کے بعد عمارت کے ایک حصے میں آگ بھی لگ گئی۔ پارلیمنٹ پر حملے کے بعد ایوان دھماکوں اور فائرنگ سے گونج اٹھا جبکہ اراکین پارلیمنٹ میں بھگدڑ مچ گئی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے تمام اراکین کو ایوان سے بحفاظت باہر نکالا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق حملے میں 2 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی  مارے گئے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے ساتھیوں نے پارلیمنٹ پر اس وقت حملہ کیا جب وزیر دفاع کو ایوان میں متعارف کرایا جا رہا تھا۔ دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد دونوں ملکوں کے مشترکہ دشمن ہیں اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے افغان پارلیمنٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے افغان سیکیورٹی فورسز کا کردار قابل تحسین ہے جبکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم افغانستان کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

No comments.

Leave a Reply