امریکا کا اسرائیل کو ”ایف 35” جیٹ طیارے فراہم کرنے کا فیصلہ

امریکہ کا  ''ایف 35'' جیٹ طیارہ

امریکہ کا ”ایف 35” جیٹ طیارہ

مقبوضہ بیت المقدس ۔۔۔ نیوز ٹائم

اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے اسرائیلی فوج کو جلد از جلد جدید ترین ”ایف 35” لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ طیاروں کے استعمال کے لیے ایک نئے ہوائی اڈے کے قیام کے ساتھ ساتھ فضائیہ کے اہلکاروں کو ان کے استعمال کی ٹریننگ دینے کا عمل بھی جاری ہے۔ عبرانی اخبار”معاریف”  نے بتایا ہے کہ امریکا نے جلد ہی اسرائیلی فضائیہ کو ”ایف 35” جنگی طیاروں سے لیس کرنے کے لیے فوج کو ان کی تربیت دینا شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی اسرائیلی فضائیہ میں نیا فلائیٹ اسکواڈرن تیار ہو جائے گا جو ان طیاروں کو استعمال کر سکے گا۔ اخباری رپورٹ کے مطابق امریکی ماہرین ”ایف 35” جنگی طیاروں کو اڑانے کی تربیت کا سلسلہ کئی ماہ سے دیتے آ رہے ہیں۔ تربیتی عمل ” Nevatim ” نامی ایک فوجی اڈے پر جاری ہے اور اسی اڈے کو ان ہوائی جہازوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیل کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے اسرائیل کی تمام دفاعی ضروریات پوری کرنے میں صہیونی ریاست کی بھر پور مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو جلد ہی ”ایف 35” طیارے فراہم کر دیے جائیں گے۔ امریکا کے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس یہ طیارے حاصل کرنے والا اسرائیل مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”ایف 35” نامی جنگی طیارے اس وقت دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیارے ہیں جو نہ صرف انتہائی بلندی سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ یہ خود کو راڈار سے چھپا سکتے ہیں۔ راڈار سے بچ کر نکل جانا ان طیاروں کی اہم ترین کامیابی ہے۔ یہ طیارے 35 ہزار فٹ کی بلندی سے بمباری کر کے ہدف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply