اوباما کا کیمرون میں300 فوجی تعینات کرنے کا اعلان

امریکہ کی مجموعی فورس کی تعداد تقریباً 300 ہو گی

امریکہ کی مجموعی فورس کی تعداد تقریباً 300 ہو گی

واشنگٹن ۔۔۔  نیوز ٹائم

بوکو حرام کے شدت پسندوں پر فضائی نگرانی کے کام کے لیے صدر باراک اوباما امریکی فوجی اہلکار کیمرون روانہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز امریکی سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے قائدین کو بھیجے گئے ایک  مراسلے میں صدر نے اِس تعیناتی کا اعلان کیا۔ تحریر کردہ اس مراسلے میں بوکو حرام کا نام نہیں لیا گیا۔  تاہم وائٹ ہائوس کے پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ نے کہا ہے  کہ یہ اقدام علاقائی جدوجہد کا ایک حصہ ہے جس میں نائجیریا کے شدت پسند گروہ اور دیگر انتہا پسندوں کے پھیلائو کو روکنا مقصود ہے۔ بوکو حرام شمالی کیمرون میں سرگرمِ عمل ہے، جس کا گڑھ سرحد پار شمالی مشرقی نائجیریا میں واقع ہے۔ اوباما نے کہا ہے کہ تقریباً 90 فیصد امریکی اہلکار پیر ہی کو کیمرون میں تعینات ہو چکے ہوں گے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس کے بعد خطے میں فضائی انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی کا کام شروع ہو گا۔ متوقع طور پر امریکہ کی مجموعی فورس کی تعداد تقریباً 300 ہو گی۔ پریس سیکرٹری ارنیسٹ نے کہا ہے کہ یہ فوجی حکومتِ کیمرون کے ساتھ رابطے  میں رہ کر کام کریں گے  اور یہ کہ فوجی اپنے دفاع کے لیے مسلح ہیں، تاہم یہ  لڑاکا فورس نہیں ہے۔ بوکو حرام نے کیمرون میں سینکڑوں شہریوں کو ہلاک کیا ہے، پچھلے چند برسوں کے دوران اب تک بوکو حرام کم از کم 10000 افراد کو ہلاک کر چکا ہے۔

No comments.

Leave a Reply