چین اپنی فوجیں شام میں بھیجنے کی منصوبہ بندی نہیں کر رہا ہے : چینی وزارت خارجہ کی ترجمان

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان Hua Chunying

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان Hua Chunying

بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

روسی افواج کے شام میں داخل ہونے کے ساتھ ہی عالمی میڈیا میں چین کے حوالے سے بھی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ بھی اپنی فوج شام بھیج رہا ہے اور چینی افواج روسی فوجیوں کے شانہ بشانہ ISIL کے خلاف لڑیں گی لیکن چین کی طرف سے ان خبروں کی واضح تردید سامنے آ گئی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ اس کا اپنی فوج شام بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ چینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چینی حکومت کی طرف سے غیر ملکی میڈیا کی ان خبروں کو احمقانہ اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان Hua Chunying نے روزانہ کی بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا  کہ ہم بھی غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس دیکھ رہے ہیں، لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، چین اپنے فوجی بیڑے شام بھیجنے کا قطعاً کوئی منصوبہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ چینی فوج کا Liaoning بیڑا تکنیکی تربیت اور فوجی مشقوں میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ یہ وہی چینی فوجی بیڑا ہے جس کے متعلق روسی و دیگر غیر ملکی میڈیا میں کہا جا رہا ہے کہ چین اسے شام روانہ کر رہا ہے۔ چینی حکومتی اخبار دی گلوبل ٹائمز نے اپنے  کالم  میں لکھا ہے کہ چین کے شام میں اپنی فوج بھیجنے کی خبریں بے بنیاد ہیں کیونکہ شام میں جاری انتشار چین نے نہیں پھیلایا، اس لیے چین کے شام پر چڑھ دوڑنے اور فرنٹ لائن پر کردار ادا کرنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

No comments.

Leave a Reply