کس ملک کے پاس کتنے ایٹم بم

جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے معاملے میں روس سب سے آگے ہے

جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے معاملے میں روس سب سے آگے ہے

اسٹاک ہوم ۔۔۔ نیوز ٹائم

بین الاقوامی ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق  دنیا بھر کے 9 ممالک مسلمہ ایٹمی طاقت ہیں اور ان کے پاس کم و بیش 16 ہزار ایٹم بم ہیں۔

روس:۔

جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے معاملے میں روس سب سے آگے ہے۔  سابق سوویت یونین نے پہلا ایٹمی دھماکا 1949 ء میں کیا تھا۔  روس کے پاس اس وقت کم و بیش 8 ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

امریکا:۔

امریکا نے 1945ء میں ایٹم بم کا تجربہ کیا تھا  اس کے ساتھ ہی وہ دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے  جنگ کے دوران کسی ملک پر ایٹمی بم برسائے ہیں، 1945 میں ہی دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکا نے جاپان کے 2 شہروں ہیروشیما اور ناگا ساکی پر ایٹمی حملے کیے تھے  جس سے کم و بیش 2 لاکھ افراد لقمہ اجل بن گئے  جبکہ بچ جانے والے افراد میں اب تک تابکاری کے اثرات موجود ہیں، امریکا کے پاس آج بھی 7300 ایٹم بم ہیں۔

فرانس:۔

فرانس نے 1960ء میں ایٹم بم بنانے کی ٹیکنالوجی حاصل کی تھی۔ اس وقت فرانس یورپ میں سب سے زیادہ جوہری ہتھیار رکھنے والا ملک ہے جن کی تعداد 300 کے قریب ہے۔

چین:۔

آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک چین جہاں اس وقت بڑی عالمی اقتصادی سپر پاور ہے وہیں یہ دنیا کی سب سے بڑی بری فوج بھی رکھتا ہے۔  چین نے 1964ء میں پہلا ایٹمی تجربہ کیا تھا۔ چین کی عسکری طاقت کے بارے میں کسی بھی ادارے یا ریاست کو صحیح اعداد و شمار نہیں معلوم  لیکن اندازہ ہے کہ چین کے پاس 250 ایٹم بم ہیں۔

برطانیہ:۔

برطانیہ نے اپنا پہلا ایٹمی تجربہ 1952ء میں کیا تھا۔  برطانوی فوج اپنی تربیت اور سامان کے لحاظ سے دنیا کی جدید ترین عسکری طاقتوں میں شمار ہوتی ہے  اور اس کے پاس 225 جوہری ہتھیار ہیں۔

پاکستان:۔

بھارت نے 1974ء میں پہلی مرتبہ ایٹمی تجربہ کیا  جس کے بعد  پاکستان کو اپنی بقا اور سالمیت کے لئے بادل نخواستہ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہونا پڑا،  پاکستان نے 1998ء میں ایٹمی دھماکے کئے تھے اور اس وقت پاکستان کے پاس 100 سے 120 کے درمیان جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

بھارت:۔

بھارت نے 1974ء میں پہلی  اور 1998ء میں دوسری بار ایٹم بم کے تجربات کئے  اور اب اس کے پاس 90 سے 110 تک ایٹم بم موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سے پہلے اپنا ایٹمی پروگرام شروع کرنے کے باوجود  بھارت اس ٹیکنالوجی میں پاکستان سے بہت پیچھے ہے۔

اسرائیل:۔

چین کی طرح اسرائیل کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں بھی بہت محدود معلومات دستیاب ہیں، گو کہ اسرائیل نے باضابطہ طور پر ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات نہیں کئے لیکن اس کے پاس قریب 80 جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

شمالی کوریا:۔

اقوام متحدہ کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا نے نے 2006ء میں ایک جوہری تجربہ کیا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق شمالی کوریا کم از کم بھی 6 جوہری ہتھیاروں کا مالک ہے۔

No comments.

Leave a Reply