پندرہ دسمبر سے پاکستان اور بھارت کی کرکٹ جنگ

پاک، بھارت کرکٹ سیریز سری لنکا میں ہوں گی

پاک، بھارت کرکٹ سیریز سری لنکا میں ہوں گی

لاہور، نئی دہلی ۔۔۔ نیوز ٹائم

انگلش کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک کی کوششیں رنگ لے آئیں، پاکستان اور بھارت کی حکومتوں نے پاک، بھارت کرکٹ سیریز میں سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دیدی جس کے بعد 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز 15 دسمبر سے سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔ جبکہ دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز اگلے سال انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔ جمعرات کو وزیر اعظم ہائوس کی جانب سے پاک، بھارت کرکٹ سیریز کے اجازت نامے کو خط پی سی بی کو لکھ دیا گیا، خط میں سیریز کی اجازت دیتے ہوئے کہا گیا کہ سیکیورٹی کو مدنظر رکھ کر تیسرے مقام پر شارٹ سیریز کھیلی جائے، دوسری جانب بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سینیر افسر راجیو شکلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دسمبر میں مجوزہ سیریز سری لنکا میں ہو گی، بھارت اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سیریز کسی غیر جانبدار مقام پر کرانے کے لیے سری لنکا یا بنگلہ دیش میں سے کسی مقام کا انتخاب کرنا تھا  جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سری لنکا میں ہی دونوں ممالک کے درمیان سیریز کرائی جائے گی، بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 5 میچز کھیلے جائیں گے جس میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹونٹی ہوں گے، بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز اگلے برس انگلینڈ میں ہو گی اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان معاملات دبئی میں گزشتہ ہفتے طے پا گئے تھے، ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام چاہتے تھے کہ یہ پیسوں کا معاملہ ہے اس لئے بے شک بھارت میں ہی سیریز ہو ہمیں جانا چاہئے۔ تاہم وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے فنڈز کا رونا دھونا اپنی جگہ لیکن کسی ایسی جگہ پر نہیں جانا چاہئے جہاں عزت نہ ہو، کھیل کے ساتھ پاکستان کا وقار مقدم ہے، سیریز کے لئے سری لنکا موزوں مقام ہے، پاکستان وزیر اعظم کے گرین سگنل کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی سری لنکا میں سیریز کے لیے اپنی حکومت کو خط لکھا تھا، وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے سری لنکا میں پاک، بھارت سیریز کی اجازت دے دی ہے۔ سیریز چاہئے سری لنکا میں ہو یا بنگلہ دیش میں سیکیورٹی وہی ملک دے گا، معاہدے کے تحت یہ سیریز ہماری ہوم سیریز ہے، اس کے بعد ٹور ہو گا، انہوں نے کہا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور دیگر ٹیمیں فی الحال سیکیورٹی وجوہات کے باعث پاکستان نہیں آ رہی ہیں۔ جائلز کلارک پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہیں، وہ جنوری کے پہلے ہفتے پاکستان آئیں گے،  روایتی حریفوں کے درمیان سیریز 3 سال بعد ہور ہی ہے، اس سے قبل پاکستان سیریز کھیلنے دسمبر 2012ء میں بھارت گیا تھا جبکہ بھارت آخری مرتبہ فروری 2006ء میں پاکستان آیا تھا، دوسری جانب بھارتی میڈیا نے اپنا روایتی واویلا شروع کر دیا اور پاک، بھارت سیریز کو ممبئی حملوں سے جوڑ دیا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں کی برسی والے دن کرکٹ کھیلنے کا اعلان کیوں کیا گیا، کرکٹ سیریز کا اعلان ہونے کا مطلب مرنے والوں کو بھولنا ہے۔

No comments.

Leave a Reply