چین نے امریکا کے خلاف سخت زبان پر مشتمل شمالی کوریائی نغموں کی منظوری دینے سے انکار کر دیا

شمالی کوریا کا مشہور مورن بونگ بینڈ

شمالی کوریا کا مشہور مورن بونگ بینڈ

بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

چینی سنسر حکام نے امریکا کے خلاف سخت زبان پر مشتمل شمالی کوریائی نغموں کی منظوری دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد پہلی دفعہ چینی دورے پر آنے والے سرکاری شمالی کوریائی بینڈ کو اپنے متعدد شو کینسل کرنا پڑ گئے ہیں۔  اخبار دی گارڈئین کے مطابق شمالی کوریا کا مشہور Moranbong Band پہلی دفعہ بیرون ملک پرفارم کرنے کے لئے چین کے دورے پر آیا تھا۔  بینڈ نے 12 دسمبر کو بیجنگ میں اپنے شوز کا آغاز کرنا تھا  لیکن چینی سنسر بورڈ نے ان کے گانوں میں موجود کچھ قابل اعتراض الفاظ کی منظوری دینے سے انکار کر دیا۔ اخبار کے مطابق بینڈ نے اپنے ایک نغمے میں امریکا کو سرکش بھیڑیا قرار دیا تھا  جبکہ 1950ء سے 1953ء کے درمیان لڑی جانے والی کورین جنگ کی بھی مدح سرائی کی تھی۔ اس جنگ میں چین نے شمالی کوریا کا ساتھ دیا تھا، امریکا اور جنوبی کوریا کے خلاف یہ جنگ لڑی گئی تھی۔ اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ چینی حکام کا خیال تھا کہ متنازعہ الفاظ امریکا کے ساتھ کشیدگی میں بلا وجہ اضافے کا سبب بنیں گے۔ چین، امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے بھی کوشاں رہا ہے اور شمالی کوریائی بینڈ کو امریکا کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرنے کی اجازت نہ دینا بھی اسی کوشش کا حصہ قرار دیا جا سکتا ہے۔

No comments.

Leave a Reply