پاکستان سپر لیگ کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل

پاکستان سپر لیگ چار فروری 2016 سے شروع ہو گی

پاکستان سپر لیگ چار فروری 2016 سے شروع ہو گی

لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

پاکستان سپر لیگ کے لئے کھلاڑیوں کے انتخاب کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہو گیا جس کے بعد تمام کیٹیگریز کے کھلاڑیوں میں سے کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا جبکہ ایسے کھلاڑی جو پوری لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے انہیں سپلیمنٹری کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران پی ایس ایل میں شامل 5 فرنچائز نے آج سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں سے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔  سلور کیٹیگری سے اسلام آباد یونائٹیڈ نے بابراعظم، سیم بلنگ، عمر امین اور عمران خالد کا انتخاب کیا  جبکہ کراچی کنگز نے مشفیق الرحیم، سہیل خان، افتخار احمد، نعمان انور اور اسامہ میر۔ پشاور زلمے نے ڈیوڈ میلن، عبد الرحمان، عامر یامین عمران خان اور شاہد یوسف،  کوئٹہ Gladiators نے بلال آصف، اسد شفیق، محمد نواز، سعد نسیم، محمد نبی،  اور لاہور قلندر نے قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی، حماد اعظم، ظفر گوہر، ضیاء الحق اور زوہیب خان کا انتخاب کیا ہے۔

ایمرجنگ کیٹیگری:

ایمرجنگ کیٹیگری میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے  رومان رئیس، عماد بٹ؛ لاہور قلندر نے نوید یاسین، عدنان رسول،  پشاور زلمے نے  مصدق احمد، حسن علی،  کوئٹہ گلیڈیئٹر نے  اکبر الرحمان، بسمہ اللہ خان اور کراچی کنگز نے  میر حمزہ اور سیف اللہ بنگش کا انتخاب کیا۔ پاکستان سپر لیگ انتظامیہ نے ایسے کھلاڑی جو پوری لیگ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے انہیں سپلیمنٹری کیٹیگری میں رکھا ہے اور کئی نامی گرامی کھلاڑی اسی کیٹیگری میں شامل ہیں جن کی بولی میں فرنچائز نے خاصی دلچسپی لی۔

سپلیمنٹری کیٹیگری:

سپلیمنٹری کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈیئٹر نے سری لنکن وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگارا، اعزاز چیمہ اور رمیز راجا جونیئر کا انتخاب کیا  جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ نے سعید اجمل، اشعر زیدی، حسین طلعت اور عمر صدیق کو منتخب کیا۔ اسی طرح لاہور قلندر نے عبد الرزاق، احسان عادل، مختار احمد اور عمران بٹ کو منتخب کیا۔  پشاور زلمے کی جانب سے بریڈ ہوگ، محمد اصغر، اسرار اللہ اور تاج ولی کو لیا گیا اور کراچی کنگز نے تلکرتنے دلشان، فواد عالم اور شاہ زیب حسن کا انتخاب کیا۔ اس سے قبل کھلاڑیوں کے چنائو کے پہلے روز 5 ٹیموں نے آئیکون کھلاڑیوں سمیت 3 کیٹیگریز پلائٹینئم، ڈائمنڈ اور گولڈن کیٹیگری میں 9،9 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ کھلاڑیوں کے چنائو کے عمل کے دوران آئیکون کیٹیگری کی بولی میں پشاور زلمے کی جانب سے سب سے پہلے شاہد آفریدی کی بولی لگائی گئی  جس کے بعد کراچی کنگز نے شعیب ملک، اسلام آباد یونائیٹیڈ نے شین واٹسن، کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے کیون پیٹریسن  اور لاہور قلندر نے کرس گیل کا انتخاب کیا۔ پی ایس ایل کے لئے آئیکون کھلاڑیوں کو فی کس 2،2 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔

پلاٹینئم کیٹیگری:

Platinum کیٹیگری کے لئے Gladiators کی جانب سے احمد شہزاد اور سرفراز احمد کا انتخاب کیا گیا جبکہ لاہور قلندر نے عمر اکمل اور ڈوان براوو، اسلام آباد یونائیٹیڈ نے مصباح الحق اور آندرے رسلز، پشاور زلمے نے وہاب ریاض، ڈیرن سیمی اور کراچی کنگز نے شکیب الحسن اور سہیل تنویر کا انتخاب کیا۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو اگرچہ Platinum کیٹیگری میں رکھا گیا لیکن ان کی جانب سے شکوے شکایات سامنے آنے کے بعد انہیں اسلام آباد یونائٹیڈ کا کپتان بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔

ڈائمنڈ کیٹیگری:

پشاور زلمے کی جانب سے ڈائمنڈ کیٹیگری کے لئے کامران اکمل، محمد حفیظ اور کرس جورڈن کا انتخاب کیا گیا ہے،  لاہور قلندرز نے محمد رضوان اور یاسر شاہ کا چنائو کیا، کوئٹہ گلیڈیئٹر نے جیسن ہولڈر، انور علی اور لیوک رائٹ کو منتخب کیا، اسلام آباد یونائٹیڈ نے محمد عرفان، بریڈ ہیڈن اور سیموئل بدری پر بھروسہ کیا ہے  جبکہ کراچی کنگز نے روی بوپارا، عماد وسیم اور لینڈل سیمنز کا انتخاب کیا۔

گولڈن کیٹیگری:

گولڈن کیٹیگری میں کراچی کنگز نے محمد عامر، بلاول بھٹی اور جیمز ونز کا انتخاب کیا،  لاہور قلندرز نے صہیب مقصود، مستفیض الرحمان، کیون کوپر، کیمرون ڈیلپورٹ،  کوئٹہ گلیڈئیٹر کی جانب سے ذوالفقار بابر، عمر گل، ایلٹن چکمبورا،  اسلام آباد یونائٹیڈ نے شرجیل خان، محمد سمیع اور پشاور زلمے نے تمیم اقبال، جنید خان اور جیمس الینبائے کو منتخب کیا۔

No comments.

Leave a Reply