امریکہ نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں شمالی کوریا پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کے لیے قرارداد پیش کر دی

اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں شمالی کوریا پر مزید سخت پابندیاں عائد

اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں شمالی کوریا پر مزید سخت پابندیاں عائد

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

شمالی کوریا نے جنوری میں ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا اور رواں ماہ ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کا تجربہ کر ڈالا۔ اس کے اس عمل پر جنوبی کوریا و امریکہ سمیت بہت سے ممالک تشویش میں مبتلا ہو گئے تھے اور اس پر عائد عالمی پابندیوں میں سختی لانے کے لیے راہ ہموار کر رہے تھے لیکن چین اس میں آڑے آ رہا تھا۔ اب چین نے امریکہ کی ہاں میں ہاں ملا دی ہے، جس کے بعد امریکہ نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں شمالی کوریا پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کے لیے قرارداد پیش کر دی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر (Samantha Power) کا کہنا تھا  کہ شمالی کوریا پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، اتنی سخت پابندیاں گزشتہ 20 سال میں کسی اور ملک پر نہیں لگائی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق اس قرارداد پر رائے شماری رواں ہفتے کے اختتام پر متوقع ہے۔ امریکہ نے شمالی کوریا کے خلاف قرارداد میں جو پابندیاں تجویز کی ہیں ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں۔

1۔ اقوام متحدہ کا ہر رکن ملک شمالی کوریا سے آنے اور جانے والے تمام کارگو سامان کی تلاشی لے گا۔

2 ۔ شمالی کوریا کے غیر قانونی اشیا لے جانے والے بحری جہازوں کو دنیا کی کسی بندرگاہ پر رکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

3 ۔  شمالی کوریا کے ساتھ اسلحے کی تجارت پر عائد پابندیوں میں وسعت لائی جائے گی۔

4 ۔  شمالی کوریا کو ایوی ایشن اور راکٹ کے ایندھن کی فراہمی پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق چین نے بھی شمالی کوریا کے ان تجربات کی مذمت کی تھی تاہم وہ پابندیوں میں سختی لائے جانے کے حق میں نہیں تھا۔ چینی حکام کا موقف تھا کہ پابندیاں سخت ہونے سے شمالی کوریا غیر مستحکم ہو جائے گا۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ کے کئی چینی دوروں اور مذاکرات کے بعد اس نے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پابندیوں کی قرارداد پیش کرنے کے بعد Samantha Power کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں کے نتیجے میں تاریخ میں پہلی بار شمالی کوریا کے تجارتی سامان کی چیکنگ لازمی قرار دی جا رہی ہے۔ اگر یہ قرارداد منظور کر لی گئی تو عائد ہونے والی پابندیوں سے شمالی کوریا کو ایک غیر اور سخت پیغام ملے گا  کہ دنیا اس کے خطرناک اسلحہ بنانے کے عمل کو قبول نہیں کرتی اور اگر وہ باز نہیں آئے گا تو اسے سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

No comments.

Leave a Reply