ایشیا کپ کی بنگلہ دیش سے منتقلی کے حوالے سے 4 جنوری کو کولمبو میں اجلاس طلب

ایشین کرکٹ کونسل

ایشین کرکٹ کونسل

ڈھاکہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے منتظمین نے ایونٹ کو بنگلہ دیش کے بجائے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے پر غور شروع کردیا ہے جس کیلئے اجلاس 4 جنوری کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہوگا جہاں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ اگر بنگلہ دیش کے سیاسی حالات میں بہتری نہیں آتی تو ایشیا کپ کیلئے متبادل وینیو کون سا ہونا چاہیے کیونکہ ٹورنامنٹ میں شریک ممالک کی ٹیموں کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ 24 جنوری کو شروع ہونا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ کرکٹ بورڈ اپنے ملک میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوینٹی اور ایشیا کپ بچانے کیلئے باقاعدہ کوششیں شروع کردی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری نے بتایا کہ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی ہے کہ ملک میں حالات سازگار بنائے جائیں اور کرکٹ کے کھیل کو سیاسی سرگرمیوں سے الگ رکھا جائے۔ حکام کے مطابق اس حوالے سے آئندہ ایشیا کپ کے آرگنائزرز کی ایک میٹنگ متوقع ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو سید اشراف الحق نے بتایا کہ کونسل کا اس حوالے سے اجلاس چار جنوری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہوگا جس میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے بنگلہ دیش کے علاوہ مقامات کا جائزہ لیا جائے گا کیونکہ بنگلہ دیش میں اس وقت سیاسی صورتحال کے باعث حالات خراب ہیں۔ تاہم اشراف الحق کا کہنا تھا کہ ابھی تک کی صورتحال کے مطابق ٹورنامنٹ بنگلہ دیش ہی میں ہوگا لیکن اگر شریک ممالک یہ خیال کرتے ہیں کہ بنگلہ دیش کی صورتحال کے پیش نظر ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن نہیں تو ایسی صورت میں متبادل مقامات کے بارے غور کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اس سے متعلق فیصلہ چار جنوری کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

No comments.

Leave a Reply