اسپین سے فٹبال کی حکمرانی چھیننا ہمارا جنون ہے: برازیلی کوچ

برازیلین کوچ لیوس فلپ اسکولری

برازیلین کوچ لیوس فلپ اسکولری

برازیل ۔۔۔ نیوز ٹائم

2013ء میں بین الاقوامی ٹیمیں ورلڈ چیمپئن اسپین سے فٹبال کی عالمی درجہ بندی میں حکمرانی چھیننے میں ناکام رہیں، لیکن 2014ء میں برازیلی فٹبال ٹیم اسپین کی بالا دستی ختم کرنے کے لیے بے تاب ہے۔ برازیل فٹبال فیڈریشن ملک بھر میں قائم 390 فٹبال اکیڈمیز سے پر جوش اور باصلاحیت فٹبالرز کی تلاش میں مصروف ہے، ان میںآٹھ کھلاڑیوں کو برازیل فٹبال کیمپ کا حصہ بنا کر عالمی ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا جوہر دکھانے کا بھر پور موقع دیا جائے گا۔ اس سے قبل بھی گزشتہ برس برازیل نے کنفیڈریشن کپ میں نئے کھلاڑیوں کو میدان میں اتار کر اسپین جیسی طاقتور ٹیم کو فائنل میں شکست دے کر ہوش اڑا دیئے تھے۔ ان کھلاڑیوں نے رواں برس برازیلی ٹیم میں جان ڈال دی ہے۔ 2013ء کے ابتدا میں برازیلی ٹیم کی درجہ بندی اٹھارہ ویں نمبر پر تھی، تاہم سال کے اختتام سے پہلے ان کھلاڑیوں نے برازیل کو ساتویں پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔ برازیل میں دوبارہ روح پھونکنے کا کردار سابق برازیلی فٹبالر لیوس فلپ اسکولری کا ہے، جنہوں نے 2002ء ورلڈ کپ میں برازیل کو پانچویں بار عالمی اعزاز دلانے میں اہم کرادر ادا کیا تھا۔ ان کی کوچنگ میں برازیلی ٹیم کنفیڈریشن کپ میں کامیابی سمیت بڑی ٹیموں کو شکست دینے میں کامیاب رہی۔ برازیلی اسپورٹس میگزین “ریو اسپورٹس” کے مطابق برازیلی فٹبال فیڈریشن نے کوچ اسکولری کی ہدایت پر ورلڈ کپ کے لیے 23 رکنی دستے کی تیاری کے لیے مزید کھلاڑیوں کے ٹرائلز شروع کر دیئے ہیں، جس میں حیران کن طور پر دو ہزار کلب فٹبالرز نے ٹرائلز کے لیے حامی بھری ہے۔ جس کا مرحلہ وار ٹرائلز لیا جا رہا ہے۔ برازیلی فٹبال فیڈریشن پہلے ہی 23 رکنی ٹیم تشکیل دے چکی ہے، تاہم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کو آئندہ ورلڈ کپ میں ترجیح دی جائے گی۔ ان ٹرائلز کی نگرانی کوچ لیوس فلپ اسکولری خود کر رہے ہیں، جو ہر روز ریوڈی جنیرو کے اسٹیڈیم میں اٹھارہ فٹبالرز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ برازیلی فٹبال ٹیم کے کوچ کا کہنا ہے کہ میرے خیال سے اس مرتبہ ہمارے پاس چھٹا عالمی کپ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ میری خواہش ہے کہ پورے ورلڈ کپ کے دوران ٹیم ناقابل شکست رہے، اسی طرح ہم عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں موجود نوجوان فٹبالرز میں بھر پور توانائی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ ٹیم کچھ کر کے دکھائے گی۔ اس مرتبہ اسپین سے فٹبال کی حکمرانی چھیننا ہمارا جنون ہے، کیونکہ برازیل کے لیے ہوم گرائونڈ میں عالمی ایونٹ جیتنا ضروری ہے۔ دریں اثنا فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے 2013ء کی آخری رینکنگ جاری کر دی ہے۔ عالمی چیمپئن اسپین پندرہ سو سات پوائنٹس لے کر فیفا رینکنگ میں ٹاپ پوزشین برقرار رکھنے میں کامیاب ہے۔ اسپین کی ٹیم چھ ماہ سے نمبر ون پوزیشن پر قابض ہے، جس کی وجہ سے اسپین کو ٹیم آف دی ایئر بھی قرار دیا گیا ہے۔ فیفا رینکنگ میں ٹاپ ٹین ٹیموں کی پوزیشن میں رد و بدل نہیں ہوا۔ جرمنی تیرہ سو اٹھارہ اور ارجنٹینا بارہ سو اکیاون پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ کولمبیا چوتھے، پرتگال پانچویں اور یورو گوئے چھٹی پوزشین پر برا جمان ہے۔ ٹاپ ٹین کی بقیہ چار ٹیموں، میں اٹلی، سوئٹرز لینڈ، نیدر لینڈ اور برازیل بالترتیب ساتویں سے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ دسمبر 2012ء سے دسمبر 2013ء کے بارہ ماہ کے دوران سب سے بہتر کارکردگی یوکرائن کی رہی، جس نے اس مدت میں نو میچز جیتے، دو ڈرا ہوئے اور صرف ایک میچ ہارا۔ یوکرائن ٹیم نے تین سو بارہ پوائنٹس کے ساتھ 29 ویں پوزیشن سے 18 ویں پوزیشن پر ترقی کی ہے اور اسے مور آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔ فلپائن چھ درجہ ترقی کر کے ایک سو ستائیس نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ گوام کی ٹیم نے آٹھ درجہ ترقی کی اور عالمی درجہ بندی میں اس کا نمبر 161 ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کا آغاز 12جون 2014ء کو برازیل میں ہو گا۔

No comments.

Leave a Reply