نیتن یاھو کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو

مقبوضہ بیت المقدس ۔۔۔ نیوز ٹائم

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کے مبینہ بدعنوانی کی خبریں سامنے آنے کے بعد  عدالتوں اور تحقیقاتی اداروں نے ان کے خلاف تحقیقات کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

جلد ہی وزیر اعظم کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کیا جانے والا ہے۔ فلسطینی مرکز اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکومت کے مشیر قانون نے ایک بیان میں کہا ہے  کہ وزیر اعظم اپنے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نیتن یاھو کے خلاف کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، تاہم اگر اداروں کو ان کی بدعنوانی پر شبہ ہے تو وہ اس کی جانچ پڑتال کرا سکتے ہیںِ۔ خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی اسٹیٹ کنٹرولر نے پارلیمنٹ کے اسپیکر کو ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے 2003ء اور 2005ء کے دوران  جب وہ وزیر خزانہ کے عہدے پر تعینات تھے بیرون ملک سے غیر قانونی ذریعے سے رقوم حاصل کرتے رہے ہیں۔ اسرائیل کے عبرانی اخبار ہارٹز نے اپنی رپورٹ میں عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے  کہ اسٹیٹ کنٹرولر کی رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے وزیر اعظم کے خلاف تحقیقات کی تیاری مکمل کر لی ہے  اور کسی بھی وقت انہیں عدالت میں جواب دہی کے لیے طلب کیا جا سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاھو کے خلاف عدالتی تحقیقات کے لیے ٹھوس شواہد اور مواد موجود ہے۔  ان کے خلاف مبینہ بدعنوانی کے شبہات کی تحقیقات کی تمام تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔  حکومت کے قانونی مشیر Avihay Mandelblit نے اسٹیٹ کنٹرولر کی رپورٹ کے حوالے سے حکومتی عہدیداروں سے بھی صلاح مشورہ کیا ہے۔  سرکاری قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ وہ عدالت میں وزیر اعظم کی کرپشن سے متعلق تمام دعوے بے بنیاد ثابت کریں گے۔

No comments.

Leave a Reply