یورپی یونین سے علیحدگی کے عوامی فیصلے کے بعد ڈیوڈ کیمرون کا مستعفی ہونے کا اعلان

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون

لندن ۔۔۔ نیوز ٹائم

برطانوی عوام کی جانب سے یورپی یونین سے انخلا کے حق میں ووٹ کے بعد برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کر دیا۔ برطانیہ میں ہونے والے یورپی یونین سے علیحدگی کے ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ملک کا 6 سال تک وزیر اعظم رہنے پر فخر ہے، ملک کو نئے وزیر اعظم کی ضرورت ہے اور اکتوبر میں برطانوی قوم کو اب نیا لیڈر منتخب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز کابینہ کی میٹنگ ہو گی جس میں یورپی یونین سے علیحدگی کے عوامی فیصلے پر مشاورت ہو گی جس کے بعد یورپی یونین کے عہدیداروں سے ملاقات میں انہیں برطانوی عوام کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔ یورپی یونین کے علیحدگی کے عوامی فیصلے پر بات کرتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا  کہ ریفرنڈم کی شکل میں سامنے آنے والے عوامی فیصلے سے معروضی حالات تبدیل نہیں ہوں گے تاہم برطانیہ کی معیشت مضبوط ہے اور نئی قیادت کو معیشت کی مضبوطی کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ واضح رہے کہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون برطانیہ کا یورپی یونین میں رہنے کے حق میں تھے تاہم عوام کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد ان پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے لئے خاصہ دبائو تھا۔

No comments.

Leave a Reply