ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف شواہد جمع ۔۔۔ آگے کیا ہو گا؟، اہم فیصلہ

پاکستان متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین

پاکستان متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

حکومت پاکستان متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کے خلاف تشدد پر اکسانے کے حوالے سے مزید شواہد آئندہ ہفتے برطانوی پولیس کے حوالے کرے گی۔ ایک عہدے دار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ہم متحدہ قائد کے خلاف ثبوت اکھٹے کر رہے ہیں اور جلد ان تفصیلات کو برطانوی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو ثابت کرنے کیلئے ٹھوس شواہد کی ضرورت ہے تاکہ الطاف حسین نے تقاریر نشر نہ کرنے والے میڈیا ہائوسز پر حملے کی ہدایات جاری کیں۔ عہدے دار کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ موجود نہیں  اور اس معاہدے کی راہ میں پاکستان میں سزائے موت پر عملدرآمد سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں میڈیا ہائوسز پر حملے کے فوراً بعد وزارت داخلہ کی جانب سے یہ معاملہ برطانوی سیکرٹری داخلہ کے ساتھ اٹھایا گیا اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر بھی برطانوی پولیس کے ساتھ رابطے میں تھے۔ عہدے دار نے بتایا کہ برطانوی حکام اس معاملے میں کافی تعاون کر رہے ہیں اور برطانوی وزیر اعظم ہائوس سے میڈیا پر حملے کی مذمت بھی جاری کی گئی۔ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہم یہ دیکھیں گے کہ لندن پولیس کس طرح اس معاملے پر کارروائی کرتی ہے  اور پھر ہم اس مقدمے کی مزید پیروی کیلئے اپنے قانونی ماہرین برطانیہ بھیجنے پر غور کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور پاکستان کا برطانیہ کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ نہیں ہے۔ الطاف حسین کی پاکستانی شہریت کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الحال الطاف حسین برطانوی شہری ہیں تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا ان کی پاکستانی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے یا نہیں۔ عہدے دار نے بتایا کہ ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کے حوالے سے قانونی پہلوئوں کا خاموشی سے جائزہ لیا جائے گا اور ایم کیو ایم پر پابندی کا مقدمہ بننے اور اس حوالے سے عدالتی حکم کے بعد ہی پابندی عائد کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی جانب سے پارٹی کی لندن کی قیادت سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان ممکنہ طور پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ پہلی بار نہیں کہ پاکستان میں موجود ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے الطاف حسین کو عملی طور پر سائیڈ لائن کیا گیا ہو۔

No comments.

Leave a Reply