ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلر ی کلنٹن کے درمیان آخری مباحثہ ، ہیلری کلنٹن نے تیسرا مباحثہ بھی جیت لیا

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے درمیان آخری مباحثہ

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے درمیان آخری مباحثہ

لاس ویگاس ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکہ میں صدارتی انتخابات کا ایک اور مرحلہ مکمل ہو گیا، ڈیمو کریٹ اور ری پبلکن امیدواروں نے آخری مباحثہ میں بھی ایک دوسرے کو نیچہ دکھانے کے لئے تابڑ توڑ حملے کئے تاہم یہ مباحثہ بھی ہیلری کلنٹن نے جیت لیا۔ لاس ویگاس میں ہونے والے مباحثے میں اسقاط حمل، گن رائٹس اور روسی صدر Vladimir Putin پر گرما گرم بحث ہوئی۔ آخری مباحثے کے آغاز میں ہیلری کلنٹن نے ہم جنس پرستوں کے حقوق برقرار رکھنے کا کہا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گن رائٹس کو محفوظ رکھنے کی بات کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا کہ آیا وہ انتخاب کے نتائج کو قبول کریں گے یا نہیں، کیونکہ وہ کئی دنوں سے کہہ رہے ہیں کہ انتخاب میں ‘دھاندلی’ ہو رہی ہے۔ بعض اہم ریاستوں میں رائے عامہ کے پولز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت اس انتخاب میں اہم ریاستوں میں ہیلری کلنٹن سے کافی پیچھے ہیں۔ ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکی آئین میں تبدیلی ممکن ہے اور وہ آئینی ترمیم کی حامی ہیں۔ خواتین کو اپنی صحت سے متعلق فیصلے کا حق ہونا چاہیے، شام میں خانہ جنگی کے مسئلے کا سیاسی حل چاہتے ہیں، شام اور عراق میں اسلامک اسٹیٹ کو شکست دیں گے۔ ہیلری نے ٹرمپ کو وائٹ ہائوس کے لئے خطرناک امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایٹمی ہتھیاروں کا کنٹرول نہیں دیا جا سکتا، ٹرمپ پہلے امیدوار ہیں جنہوں نے گوشوارے ظاہر نہیں کئے، کبھی الزامات پر معافی بھی نہیں مانگی۔ ڈیموکریٹ امیدوار کا کہنا تھا کہ وہ چھوٹے کاروباری افراد کی مدد کرنا چاہتی ہیں کیونکہ جب مڈل کلاس ترقی کرتی ہے تو امریکہ ترقی کرتا ہے۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ خود پر الزام لگانے والی خواتین سے کبھی ملے نہ ہی انہیں جانتے ہیں، ری پبلکن امیدوار نے کہا کہ ان سے زیادہ کوئی بھی خواتین کی عزت نہیں کرتا۔ ٹرمپ نے اسلامک اسٹیٹ کو ہیلری کا دیا ہوا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں قدامت پسند مسلمانوں کی آمد روکنا ہو گی۔ ای میلز اسکینڈل سمیت کئی معاملات میں ہیلری مجرم ہیں، انہیں انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔ تیسرے مباحثے کی میزبانی فاکس نیوز کے صحافی Chris Wallace کر رہے تھے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ہیلری کلنٹن نے یہ مباحثہ بھی جیت لیا، انہیں 52 فیصد ووٹ ملے جبکہ ٹرمپ صرف 39 فیصد لوگوں کو قائل کر پائے۔

No comments.

Leave a Reply