جاپان کے وزیرِ اعظم شنزو آبے امریکہ، پیرو اور ارجنٹائن کے 7 روزہ دورے پر روانہ

جاپانی وزیر  اعظم شنزو آبے اور ان کی اہلیہ

جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے اور ان کی اہلیہ

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپان کے وزیرِ اعظم شِنزو آبے امریکہ کے نومنتخب صدرِ  ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے کے لیے نیو یارک روانہ ہو گئے، جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے نیو یارک میں امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کو ملاقات کریں گے۔ جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے جمعرات کو ٹوکیو سے امریکہ، پیرو اور ارجنٹائن کے 7 روزہ دورے پر روانہ ہوئے۔ امکان ہے کہ شنزو آبے جاپان، امریکہ اتحاد پر مرکوز جاپان کی سفارتی اور سلامتی حکمتِ عملی کی وضاحت کریں گے۔ کانگرس کے سابقہ رکن اور اعلی مشیر Jack Kingston نے این ایچ کے کو بتایا کہ دیگر عالمی رہنمائوں سے پہلے شنزو آبے کی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات امریکہ کے جاپان سے تاریخی اور اہم تعلقات کی عکاسی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جاپان کو امریکی افواج کو ملک میں رکھنے کے مزید اخراجات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے امریکہ کو بحرالکاہل کے شراکتداری برائے آزاد تجارت کے معاہدے سے الگ کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ جاپان بھی مذکورہ معاہدے کا رکن ہے۔ غیر ملکی ذرائع اِبلاغ بھی اس بات میں دلچسپی لے رہے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس ملاقات میں شنزو آبے سے کیا بات کریں گے۔ ذرائع اِبلاغ کے ایک ادارے کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمتِ عملی برائے ایشیا کے بارے میں ابتدائی اشارے دے گی۔

No comments.

Leave a Reply