ترکی میں باغیوں کو سزائیں دینے کا سلسلہ شروع، پہلے مرحلے میں 29 پولیس افسران کو عمر قید

پہلے مرحلے میں 29 پولیس افسران کو عمر قید

پہلے مرحلے میں 29 پولیس افسران کو عمر قید

انقرہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

ترکی میں جولائی میں ہونے والی فوجی بغاوت میں ملوث لوگوں کی پکڑ دھکڑ تو پچھلے 6 مہینے سے جاری تھی لیکن گزشتہ روز سے سزائیں دینے کا باقاعدہ سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے اور پہلے مرحلے میں 29 پولیس افسران کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ غیر  ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک عدالت کی جانب سے جاری ہونے والی فرد جرم میں سزا یافتہ پولیس افسران پر مختلف قسم کے جرائم میں ملوث ہونے کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ سزا پانے والوں میں سے کچھ پر الزام تھا کہ وہ ایک دہشتگرد تنظیم کے کارکن ہیں جبکہ بعض لوگوں پر الزام تھا کہ انہوں نے آئینی احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بغاوت کی تھی۔ سزا یافتہ پولیس افسران میں پولیس کے وہ تین پائلٹ بھی شامل ہیں جنہیں سپیشل فورسز کو صدر رجب طیب اردگان کے محل کی حفاظت کیلئے لے جانے کی ذمہ داری دی گئی تھی تاہم انہوں نے یہ ذمہ داری ادا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ 15 جولائی کو ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں 240 افراد مارے گئے تھے۔  بغاوت کی ناکامی کے بعد ترک حکومت نے بڑے پیمانے پر باغیوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا اور 40 ہزار کے قریب سرکاری و غیر سرکاری ملازمین کو گرفتار کر لیا تھا  جبکہ 1 لاکھ سے زائد لوگوں کو نوکریوں سے برخاست کر دیا گیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply