سابق سوویت صدر گوربا چوف نے تیسری عالمی جنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا

سابق سوویت صدر گوربا چوف

سابق سوویت صدر گوربا چوف

نیو یارک ۔۔۔ نیوز ٹائم

سابق سوویت یونین کے آخری صدر Mikhail Gorbachev نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کی ذمہ داری ہے کہ وہ مل کر اس ممکنہ جنگ کو ٹال دیں۔ امریکی جریدے ٹائم میگزین کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں سابق سوویت صدر Mikhail Gorbachev کا موقف تھا کہ آج روسی اور نیٹو افواج اپنے خطرناک اسلحے سمیت ایک دوسرے سے اتنے قریب تعینات ہیں کہ ماضی میں اس کی مثال مشکل ہی ملتی ہے،  اور یوں لگتا ہے جیسے کسی بھی لمحے وہ کسی نادیدہ ہدف (پوائنٹ بلینک) پر بمباری شروع کر دیں گی۔ عالمی تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے گوربا چوف نے لکھا کہ دنیا میں ہر طرف مسائل کا انبار ہے  لیکن ان میں سب سے اہم مسئلہ سیاست میں عسکریت پسندوں کا نیا عروج اور 21 صدی میں شروع ہونے والی اسلحے کی نئی دوڑ ہے،  اور یہ کہ اس وقت دنیا کو جنگ کے خوف سے نکالنا سب سے زیادہ ضروری ہے جس کے بعد دوسرے عالمی مسائل حل کرنا آسان ہو جائے گا۔ گوربا چوف نے تنقیدی انداز میں لکھا کہ اگرچہ اس وقت حکومتوں کے بجٹ عوامی ضروریات پوری نہیں کر پا رہے  لیکن پھر بھی فوجی اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے خطرناک ہتھیاروں کی خریداری آسان ہے  جبکہ آج کی ایک جدید آبدوز کے حملے میں آدھا براعظم تباہ کیا جا سکتا ہے۔ جدید سے جدید ہتھیاروں کی تیاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میخائل گوربا چوف نے خبردار کیا کہ عالمی طاقتوں کے باہمی تعلقات خراب سے خراب تر ہوتے جا رہے ہیں جن کی وجہ سے ایٹمی حملے کا خدشہ بھی حقیقت سے قریب تر ہو گیا ہے۔ بہتر ہے کہ باہمی تنازعات سیاسی مکالمے سے طے کئے جائیں اور مشترکہ فیصلے بھی کئے جائیں تاکہ ایٹمی ہتھیاروں، میزائل دفاعی نظاموں اور عسکری صلاحیتوں میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔ ان کی رائے میں سلامتی کونسل پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے  کہ وہ ایسے بے یقینی کے حالات میں فوری طور پر سربراہ اجلاس بلوا کر ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے سے دنیا کو نجات دلائے  جبکہ اس ضمن میں قرارداد لانے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کو قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے پہلا قدم اٹھانا چاہئے۔

No comments.

Leave a Reply