چوہدری نثار کا پارٹی سے استعفی دینے کا فیصلہ، پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا انکشاف

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی وزیر اعظم سے اختلاف کی خبریں فیصلہ کن موڑ اختیار کر چکی ہیں۔ اور ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں چودھری نثار کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا انکشاف کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کرنے والے ہیں جس میں وہ اپنے اور حکومت کے مابین اختلافات کی خبروں کی وضاحت کریں گے اور اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ بھی کریں گے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ دعویٰ کر رہی ہے کہ چودھری نثار علی خان پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے خفیہ طور پر رابطے میں تھے۔ اور انھوں نے اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی قیادت کو اعتماد میں لے لیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چودھری نثار مسلم لیگ (ن) کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے والے ہیں۔ اور انھوں نے طے کر لیا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے پرانے دوست ہیں۔

No comments.

Leave a Reply