بھارت خام خیالی میں نہ رہے سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، چین کی وارننگ

چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل ووچیان

چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل ووچیان

بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

چین نے ایک بار پھر بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی خام خیالی میں نہ رہے ہم اپنی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل Wu Qian نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ ملکی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کے حوالے سے چین کے عزم پر شک کر کے اپنے لیے خطرہ نہ پیدا کرے۔  انہوں نے ایک بار پھر بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈوکلام سے اپنے فوجیوں کو پیچھے ہٹائے۔کرنل ووچیان نے کہا کہ ملکی سلامتی کی حفاظت میں چین کا عزم غیر متزلزل ہے  لہذا ہماری خواہش ہے کہ بھارت اپنے لیے خطرات پیدا نہ کرے اور کسی خام خیالی میں نہ رہے، چینی فوج کے قیام کو 90 برس مکمل ہو رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی کا دفاع کرنے کے حوالے فوج کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے، ایک پہاڑ کو ہلانا آسان ہے لیکن پیپلز لبریشن آرمی کو ٹس سے مس نہیں کیا جا سکتا۔ خیال رہے کہ Donglang کے مقام پر بھارت، بھوٹان اور چین کی سرحدیں ملتی ہیں اور اس علاقے پر تینوں ممالک اپنا حق جتاتے ہیں، بھارت نے گزشتہ ماہ یہ الزام عائد کیا تھا کہ چین اس علاقے میں بھارتی سرحد تک سڑک تعمیر کر رہا ہے جس کے بعد بھارتی فوجیوں نے چین کے علاقے Donglang تک پیش قدمی کر لی تھی اور تعمیراتی کام روکنے کی کوشش کی تھی۔ اس واقعے کے بعد سے بھارتی فوجی پیچھے نہیں ہٹے جبکہ چین کا مطالبہ ہے کہ بھارت غیر مشروط طور پر اپنے فوجیوں کو واپس بلائے تب ہی اس کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply