نوازشریف آج ریلی کی شکل میں لاہور روانہ

نواز شریف پنجاب ہائوس سے بم پروف کنٹینر میں قافلے کی صورت میں جی ٹی روڈ کے راستے لاہور جائیں گے

نواز شریف پنجاب ہائوس سے بم پروف کنٹینر میں قافلے کی صورت میں جی ٹی روڈ کے راستے لاہور جائیں گے

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

سابق وزیر اعظم نواز شریف آج صبح 10 بجے پنجاب ہائوس اسلام آباد سے ریلی کی شکل میں لاہور روانہ ہوں گے۔ نواز شریف کی ریلی کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ جگہ جگہ استقبالی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ مختلف شہروں سے کارکنوں کی اسلام آباد اور راولپنڈی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں جگہ جگہ سڑکوں اور شاہراہوں پر نواز شریف کی تصویروں والے بینرز اور پوسٹرز لگائے گئے ہیں۔ مقامی رہنمائوں کے خطاب اور پارٹی ترانوں کے لئے استقبالیہ کیمپوں میں ساونڈ سسٹم بھی لگا ئے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد کے شکر پڑیاں انٹرچینج پر بھی ن لیگی کارکن جمع ہیں۔ نواز شریف پنجاب ہائوس سے بم پروف کنٹینر میں قافلے کی صورت میں جی ٹی روڈ کے راستے لاہور جائیں گے جہاں کئی موقعوں پر ان کا خطاب بھی ہو گا۔ امیر مقام کی قیادت میں ن لیگ خیبر پختونخوا کا قافلہ نوازشریف کی ریلی میں شرکت کے لئے رواں دواں ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بھی نواز شریف کے ساتھ لاہور جائیں گے، ہمارے پاس حکومت کی کوئی مشینری اور وسائل نہیں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین پر لرزہ طاری ہے اور ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ ن لیگ کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کا تاریخی استقبال ہو گا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز دعاگو ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے پیاروں کو اللہ کی حفاظت میں سونپ دیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی کا ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے، آج سے 11 اگست تک راولپنڈی سے لاہور تک جی ٹی روڈ ہیوی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔

No comments.

Leave a Reply